چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کے روز لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب میں شرکت کی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے اچھا کام کر رہی ہے، پی سی بی اکیلے یہ کام نہیں کرسکتا، اس لیے فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ ملک میں موجود کرکٹ …
محسن نقوی کی لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب میں شرکت

مزید خبریں
لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کے روز لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب میں شرکت کی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے اچھا کام کر رہی ہے، پی سی بی اکیلے یہ کام نہیں کرسکتا، اس لیے فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ ملک میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو آگے لایا جاسکے۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کی میٹنگ میں تمام فرنچائز مالکان سے درخواست کی تھی کہ نئے ٹیلنٹ کو اپنی ٹیموں میں شامل کریں اور اسکول کرکٹ سے بھی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگلے سال 3 ہزار اسکولوں کو اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے، تاہم اسے نکھارنا اور کھلاڑیوں کو تیار کرنا ایک مشکل کام ہے۔ اس مقصد کے لیے پی سی بی، فرنچائزز اور کرکٹ ایسوسی ایشنز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے کافی کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض کھلاڑی شہرت ملنے کے بعد سیکھنا چھوڑ دیتے ہیں، جبکہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں مسلسل محنت اور سیکھنے کا عمل جاری رکھنا ضروری ہے۔ ہم نے اپنی خامیوں کو درست کیا ہے اور آئندہ بھی کام جاری رکھیں گے، جس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ اگلے چھ ماہ میں نوجوان کھلاڑیوں کی ایک اور کھیپ تیار ہو رہی ہے۔محسن نقوی نے مزید بتایا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا، جس میں تقریبا 80 فیصد نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے سے پاکستان کرکٹ کو مستقبل کے لیے مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے پانچ کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، جن میں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے بالنگ کرنے والے بالرز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے اسکول کرکٹ کا آغاز ایک اہم قدم ہے اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے بھی نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کرکے آگے لایا جا رہا ہے۔







