صوبائی وزیر داخلہ سندھ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے نوابشاہ میں ماڈل پولیس اسٹیشن اے سیکشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ہفتہ کویہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی نوابشاہ آمد پر انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ان کا استقبال کیا
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے نوابشاہ میں ماڈل پولیس اسٹیشن اے سیکشن کا افتتاح کردیا

مزید خبریں
کراچی۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ سندھ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے نوابشاہ میں ماڈل پولیس اسٹیشن اے سیکشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ہفتہ کویہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی نوابشاہ آمد پر انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے وزیر داخلہ سندھ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پولیس اسٹیشن کی تزئین و آرائش اور بہتری کیلئے کیے گئے اقدامات کی تکمیل کے بعد اسے شہریوں کیلئے فعال کردیا گیا ہے، جس کا مقصد عوام کو جدید سہولیات سے آراستہ، بہتر اور موثر پولیس خدمات فراہم کرنا ہے۔تقریب میں ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد، ایس ایس پی شہید بینظیر آباد اور پولیس کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ نوابشاہ میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا قیام پولیسنگ کے نظام میں بہتری لانے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔حکومت سندھ پولیس کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عوام کو بہتر انداز میں پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک بہتر، موثر اور عوام دوست ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں ان کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور پولیس پر ان کے اعتماد کی بحالی ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام اور پولیس کے درمیان رابطوں کو مزید موثر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پولیس خدمات کی فراہمی میں شفافیت، جواب دہی اور سہولت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جدید پولیسنگ کے فروغ اور عوام دوست ماحول کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جن سے عام شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ماڈل پولیس اسٹیشن کے اس تصور اور دائرہ کار کو سندھ کے دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید سہولیات سے آراستہ پولیس اسٹیشنز میں خدمات حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ حکومت سندھ کے تعاون اور وزیر داخلہ سندھ کی رہنمائی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ سندھ پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، جدید پولیسنگ کے فروغ اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس اپنی عملی،تفتیشی اور تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ترقی کی نئی منازل طے کررہی ہے۔جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ کے ذریعے نہ صرف جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنایا جاسکتا ہے بلکہ شہریوں کو پولیس سے متعلق امور میں بھی زیادہ موثر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔








