کوئی طاقت کشمیر ی عوام کو ان کے حقِ خودارادیت سے زیادہ عرصہ محروم نہیں رکھ سکتی،فریال تالپور

پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے، اپنی شناخت کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے۔ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج کی کشمیر میں آمد اور فوجی مداخلت نے ایک ایسے تنازع کو جنم دیا جس کا منصفانہ حل آج بھی عالمی برادری …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے، اپنی شناخت کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے۔ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج کی کشمیر میں آمد اور فوجی مداخلت نے ایک ایسے تنازع کو جنم دیا جس کا منصفانہ حل آج بھی عالمی برادری کی توجہ اور سنجیدہ اقدامات کا متقاضی ہے۔

پیپلز میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام میں فریال تالپور نے کہا ہے کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی قومی ترجیحات میں نمایاں مقام دیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی اس جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے جائز حقوق کی حمایت کی روایت کو برقرار رکھا۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اسی جدوجہد کے امین اور اصولی مؤقف کے علمبردار ہیں۔

بطور وزیرِ خارجہ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دور میں عالمی سفارتی فورمز پر مسئلۂ کشمیر کو اجاگر کیا اور عالمی برادری کی توجہ اس کے منصفانہ اور پُرامن حل کی ضرورت کی جانب مبذول کرائی۔فریال تالپور نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق، سیاسی آزادیوں اور شہری وقار کا تحفظ ناگزیر ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کی آواز سنے اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ پاکستانی اور کشمیری عوام کے رشتے اٹوٹ ہیں، ہمارے دکھ، ہماری امیدیں اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ فریال تالپور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا اور کوئی طاقت انہیں ان کے جائز حقِ خودارادیت سے زیادہ عرصہ محروم نہیں رکھ سکتی۔