وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل نے برطانوی شہریت، بیرونِ ملک ملازمت اور ویزوں کے نام پر ایک کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد کے فراڈ میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو لاہور ہائی کورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں خارج ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر فیصل آباد زون ثاقب سلطان اور ڈپٹی …
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل کی کارروائی،برطانوی شہریت اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 مرکزی ملزمان گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل نے برطانوی شہریت، بیرونِ ملک ملازمت اور ویزوں کے نام پر ایک کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد کے فراڈ میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو لاہور ہائی کورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں خارج ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر فیصل آباد زون ثاقب سلطان اور ڈپٹی ڈائریکٹر طارق محمود کی ہدایات پر ایس ایچ او سب انسپکٹر اجمل حسین کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان فیضان ارشاداور علی حسن کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے انکوائری نمبر 1685/2025 کی تکمیل پر ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 17 اور 22 کے تحت مقدمہ نمبر 252/2026 درج کیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے باہمی ملی بھگت سے واپڈا سٹی فیصل آباد کے رہائشی شکایت کنندہ محمد رضوان جاوید سے ان کی اہلیہ علینہ رضوان اور بیٹے رائد رضوان کے لیے برطانوی شہریت، ملازمت اور ویزوں کے جھانسے میں مختلف بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 34 لاکھ 15 ہزار 663 روپے بٹورے۔رقم وصولی کے بعد ملزمان اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے۔
دورانِ انکوائری ٹھوس زبانی و دستاویزی شواہد ملنے پر مجاز اتھارٹی کی منظوری سے باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم عدالتِ عالیہ کی جانب سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں خارج ہوتے ہی ایف آئی اے نے فوری کارروائی کر کے دونوں کو دھر لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے، جس میں مالی لین دین اور فراڈ کے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر ممکنہ ملزمان کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔






