شمالی کوریا نے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس پر 6.3 ارب ڈالر مالیت کے ریکارڈ سائبر حملے میں ملوث ہونے کے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ۔ بی بی سی کے مطابق شمالی کوریا کی اعلیٰ عہدیدار اور رہنما کم جونگ اُن کی بہن ، شمالی کوریا کے جنرل افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر کم یو جونگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ …
شمالی کوریا نے بائنانس کی ہیکنگ میں ملوث ہونے کے امریکی الزامات مسترد کردیئے

مزید خبریں
پیانگ یانگ۔3نومبر (اے پی پی):شمالی کوریا نے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس پر 6.3 ارب ڈالر مالیت کے ریکارڈ سائبر حملے میں ملوث ہونے کے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ۔ بی بی سی کے مطابق شمالی کوریا کی اعلیٰ عہدیدار اور رہنما کم جونگ اُن کی بہن ، شمالی کوریا کے جنرل افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر کم یو جونگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ الزامات شمالی کوریا کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی امریکی کوشش کا ایک اور مذموم حربہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایک بار پھر بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے اس معاملے کو شمالی کوریا کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ کرپٹو کرنسی کی بڑی کمپنی بائنانس نے جمعرات کو کہا تھا کہ 6.3 ارب ڈالر مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے ایک ایسے سائبر حملے سے متاثر ہوئے ہیں جو ممکنہ طور پر تاریخ کا سب سے بڑا کرپٹو ہیک ہو سکتا ہے۔ امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی)، سیکرٹ سروس اور سائبر سکیورٹی تجزیہ کاروں کا الزام ہے کہ یہ حملہ شمالی کوریا نے کروایا تھا۔ یہ حالیہ برسوں میں شمالی کوریا سے منسوب کیے جانے والے سائبر حملوں کی ایک اور مثال ہے۔
شمالی کوریا پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنی پابندیوں کا شکار معیشت کے لیے وسائل جمع کرنے کی خاطر سائبر جرائم پر انحصار کرتا ہے۔بلاک چین تجزیہ کاروں اور ایف بی آئی کے مطابق یہ حملہ ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے ہیکنگ گروپ ٹریڈر ٹریٹر (TraderTraitor)نے کیا۔ ایف بی آئی نے کرپٹو انڈسٹری سے وابستہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس گروپ سے منسلک کرپٹو کرنسی اکائونٹس سے ہونے والے لین دین کو روکنے میں مدد کریں۔








