نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے شہریوں کو موسم کی صورتحال، پیشگی انتباہات اور متعلقہ معلومات ایک ہی ڈیجیٹل چھت تلے فراہم کرنے کے لیے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔
ڈیجیٹل پاکستان، این آئی ٹی بی اور محکمہ موسمیات کے درمیان معاہدہ، موسم اور قبل از وقت الرٹ کی معلومات قومی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے شہریوں کو موسم کی صورتحال، پیشگی انتباہات اور متعلقہ معلومات ایک ہی ڈیجیٹل چھت تلے فراہم کرنے کے لیے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔
این آئی ٹی بی کے ترجمان کے مطابق یہ شراکت داری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے تحت ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ (DEEP) کے فریم ورک کے تحت عمل میں لائی گئی ہےجس کا مقصد مربوط اور عوام دوست ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی ہے۔معاہدے کے تحت این آئی ٹی بی کے نیشنل یونیفائیڈ پلیٹ فارم کے ذریعے شہریوں کو موسم کی روزمرہ پیشگوئی، قدرتی آفات کے قبل از وقت انتباہ، سیلاب اور خشک سالی کے بروقت الرٹس کے علاوہ کسانوں کے لیے خصوصی زرعی ایڈوائزری براہِ راست دستیاب کی جائے گی۔
حکام کے مطابق این آئی ٹی بی اس اقدام کے ذریعے سرکاری محکموں کے ڈیٹا کو مربوط بنا کر عوام تک اہم ترین معلومات کی بروقت رسائی یقینی بنا رہا ہے، جس سے نہ صرف ہنگامی حالات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی بلکہ کسانوں اور عام شہریوں کو بااختیار بنایا جا سکے گا۔ تقریب کے اختتام پر باہمی تعاون کی یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔








