شمالی یورپ کے ممالک کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت میں 17.6 فیصد اضافہ

ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ اور شمالی یورپ کے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ اور شمالی یورپ کے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستا ن اور شمالی یورپ کی دو طرفہ تجارت کا مجموعی حجم ایک ارب 24 کروڑ 23 لاکھ 90 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہےجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایک ارب 56 لاکھ 53 ہزار ڈالر تھا۔

جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 848.62 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 769.36 ملین ڈالر تھا، اس طرح برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 10.3 فیصد اضافہ ہوا۔ستمبر کے دوران ان ممالک کو پاکستانی برآمدات 275 ملین ڈالر رہیں جو اگست کے 257.07 ملین ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد اور گزشتہ سال ستمبر کے 252.96 ملین ڈالر کے مقابلے میں 8.7 فیصد زیادہ ہیں۔ مالی سال 2024 کے دوران شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات سے 2.85 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا ۔

اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا حجم 393.77 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 287.17 ملین ڈالر تھا، اس طرح درآمدات میں 37.1 فیصد اضافہ ہوا۔ستمبر کے دوران ان ممالک سے درآمدات 96 ملین ڈالر رہیں، جو اگست کے 157.20 ملین ڈالر کے مقابلے میں 38.9 فیصد کم، تاہم گزشتہ سال ستمبر کے 87.22 ملین ڈالر کے مقابلے میں 10.1 فیصد زیادہ ہیں۔ مالی سال 2024 کے دوران شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا مجموعی حجم 1.52 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

 

مزید خبریں