چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر نیشنل پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے
نوجوانوں کو فکری انتشار، انتہاپسندی اور ڈیجیٹل پروپیگنڈے سے بچانے کے لئے قومی لائحہ عمل ناگزیر ہے، طاہر اشرفی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر نیشنل پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مذہبی تقسیم، انتہاپسندی، دہشت گردی اور سوشل میڈیا کے گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنے کے لئے جامع قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔یہاں منعقدہ قومی یوتھ پروگرام ڈویلپمنٹ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بچیوں کی تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچی کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات، نشہ آور ادویات اور دیگر نقصان دہ عادات کی روک تھام، طلبہ کی کردار سازی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال، جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد کے تدارک کے لئے نوجوانوں میں ڈیجیٹل شعور اور معلومات کی تصدیق کا رجحان پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں نوجوانوں کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے گمراہ کن بیانیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے تعلیم، شعور، مستند دینی رہنمائی اور قومی اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ علماء و مشائخ دہشت گردی، خودکش حملوں، فرقہ واریت اور مذہبی انتہاپسندی کے خلاف اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
نیشنل پیغامِ امن کمیٹی تمام مکاتبِ فکر اور مذہبی برادریوں کو متحد کرکے بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے افواجِ پاکستان، قومی سلامتی کے اداروں اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے کی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع، سلامتی اور عالمی سطح پر وقار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ایک تعلیم یافتہ، باکردار، متحد اور امن پسند نوجوان نسل سے وابستہ ہے، جو دہشت گردی اور انتہاپسندی کو مسترد کرتے ہوئے ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے قائم مقام چیف کمشنر حافظ طارق محمود نے اپنے استقبالیہ خطاب میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر نیشنل پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی معاشرتی اصلاح، امن و رواداری، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور مثبت قومی اقدار کے فروغ کے لئے مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تعمیری اور مثبت اندازِ فکر کے ذریعے معاشرے میں اصلاحی تبدیلی لانے اور نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے لئے قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے سکاؤٹس نے شرکت کی۔








