وزیراعظم یوتھ پروگرام اور انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس کے درمیان مفاہمتی یادداشت (لیٹر آف انٹینٹ )پر دستخط کئے گئے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اور انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس کے درمیان مفاہمتی یادداشت (لیٹر آف انٹینٹ )پر دستخط کئے گئے۔ اس تعاون کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور جدید مہارتوں کے حصول کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دستخطی تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے بطور گواہ شرکت کی جبکہ انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان اکرم، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سید شہباز شمسی اور دونوں اداروں کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔
انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس پاکستان، برطانیہ کی معروف جامعات اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے بین الاقوامی معیار کے فاؤنڈیشن، انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز پیش کر رہا ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، مثبت سرگرمیوں اور ماحولیاتی شعبوں میں مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانا اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کو مؤثر بنانا ہے۔اس تعاون کے تحت باصلاحیت اور مستحق طلبہ و اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تعلیمی ڈگریاں حاصل کرنے کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بھی مزید بہتر بنا سکیں، ان سکالرشپس کے تحت متعلقہ تعلیمی پروگرام کی مقررہ مدت کے لئے ٹیوشن فیس کا 100 فیصد خرچ فراہم کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو وسعت دینا اور ان کی تعلیمی و پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے، سکالرشپس کے لئے امیدواروں کا انتخاب تحریری داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔سکالرشپس کے علاوہ دونوں ادارے کیریئر کونسلنگ، پیشہ وارانہ مہارتوں کی ترقی، انٹرن شپ کے مواقع، بین الاقوامی تعلیمی سرگرمیوں اور اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اس اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، پیشہ وارانہ مہارتوں اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا نہایت اہم ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔انٹرنیشنل کالج آف ایکسیلنس (آئی سی ای ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان اکرم نے کہا کہ آئی سی ای بین الاقوامی معیار کی تعلیم، میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپس اور پیشہ وارانہ ترقی کے مواقع کے ذریعے پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔یہ اشتراک دونوں اداروں کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور پیشہ وارانہ مہارتوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ ایک باصلاحیت، ہنرمند اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کے ساتھ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔








