دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی

مزید خبریں
لاہور۔4نومبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل 50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ 5 نومبر سے عمان میں شروع ہوگا جس کے تمام مقابلے مسقط کے العمارت کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ملائیشیا شامل ہیں۔ دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کریں گے، جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں بھی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔
پاکستان نے گزشتہ سال فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔پاکستانی ٹیم اپنے ابتدائی میچ میں 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کا سامنا کرے گی، جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف مقابلہ 8 نومبر کو ہوگا۔ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 10 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا۔پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ٹیم کی تیاریاں بہترین انداز میں جاری ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹورنامنٹ سے قبل ٹیم کو عمان بھیجنے کا فیصلہ انتہائی مفید ثابت ہوا، جس سے کھلاڑیوں کو موسم، پچز اور مقامی کنڈیشنز کو سمجھنے کا موقع ملا۔ان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے ٹیم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور گزشتہ سال کی کامیابی کے مثبت پہلوں کو برقرار رکھتے ہوئے اسی جذبے، محنت اور جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
اسکواڈ کا مورال بلند ہے اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔15 رکنی پاکستانی اسکواڈ میں کپتان فرحان یوسف، عبدالقادر (وکٹ کیپر)، عبدالصبحان، احمد حسین، علی رضا، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، حسنین عباس ڈار، حیات خان، حذیفہ احسن، جہانگیر بلال، محمد حذیفہ، محمد سیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور عثمان خان شامل ہیں۔ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں شاہد انور (ہیڈ کوچ و ٹیم منیجر)، افتخار انجم (فاسٹ بولنگ کوچ)، زوہیب خان (اسپن بولنگ کوچ)، ہمایوں فرحت (فیلڈنگ کوچ)، عبید اللہ (فزیوتھراپسٹ)، ابرار احمد (ٹرینر) اور علی حمزہ (پرفارمنس اینالسٹ) شامل ہیں۔پاکستان اپنا پہلا میچ 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف او سی اے گرائونڈ 2، دوسرا میچ 8 نومبر کو بھارت کے خلاف اور تیسرا میچ 10 نومبر کو نیپال کے خلاف او سی اے گرائونڈ 1 میں کھیلے گا۔ سیمی فائنلز 12 نومبر اور فائنل 14 نومبر کو شیڈول ہے۔








