کوریا کے سفیر کا لائلپور میوزیم کا دورہ، خطہ پنجاب کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، آثارِ قدیمہ اور تاریخی ورثے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ

پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو نے لائلپور میوزیم فیصل آباد کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول ملک نے میوزیم کے افسران اور فیصل آباد کے نامور فنکاروں کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا

فیصل آباد ۔ 04 نومبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو نے لائلپور میوزیم فیصل آباد کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول ملک نے میوزیم کے افسران اور فیصل آباد کے نامور فنکاروں کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائلپور میوزیم نے کوریا کے سفیر کو میوزیم کے مختلف گیلریوں کا دورہ کروایا اور انہیں فیصل آباد سمیت خطہ پنجاب کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، آثارِ قدیمہ اور تاریخی ورثے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران معزز سفیر کو قدیم نوادرات، تاریخی سکوں ، روایتی ملبوسات، ٹیکسٹائل، معاشرتی زندگی، تاریخی شخصیات اور شہرِ لائلپور کے تاریخی پس منظر سے متعلق محفوظ نوادرات اور تاریخی ذخیرے کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔

کوریا کے سفیر نے بالخصوص 1896ء کے تاریخی لائلپور کی عکاسی کرنے والی گیلری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور شہر کے قیام سے لے کر موجودہ دور تک اس کے ارتقائی سفر کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔کوریا کے سفیر نے پاکستان کی قدیم تہذیب، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تبادلوں اور تاریخی ورثے کے فروغ کے ذریعے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی روابط، دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے لائلپور میوزیم کی جانب سے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسے نئی نسل تک منتقل کرنے کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

مزید خبریں