پاکستان اکنامک کوریڈور کے اگلے مرحلے میں صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے مشترکہ منصوبوں اور برآمدات پر مبنی مینو فیکچرنگ کی طرف بڑھ رہی

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے اگلے مرحلے میں صنعتی تعاون کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کی شراکت داری اب صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے مشترکہ منصوبوں اور برآمدات پر مبنی مینو فیکچرنگ کی طرف بڑھ رہی ہے۔

فیصل آباد۔ 07 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے اگلے مرحلے میں صنعتی تعاون کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کی شراکت داری اب صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے مشترکہ منصوبوں اور برآمدات پر مبنی مینو فیکچرنگ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ چین کے تجارتی وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا اہم ترین صنعتی مرکز ہے جہاں چینی ٹرکوں کی اسمبلنگ کا بہترین ماحول موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مال برادری کی بڑھتی ہوئی ضروریات نے جدید اور کم لاگت ٹرانسپورٹ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ہمیں مہنگی درآمدات کا متبادل پیدا کرنے کیلئے اندرون ملک گاڑیوں کی اسمبلنگ اور پرزوں کی تیاری پر توجہ دینا ہو گی تاہم اس مقصد کیلئے چین کی طرف سے سرمایہ کاری اور مستقبل کے طریقہ کار کی وضاحت ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے چیمبر کے ممبران سے کہا کہ یہ چینی وفد یہاں ٹرکوں کی اسمبلنگ اور اس سلسلہ میں مقامی مارکیٹ کا جائزہ لینے کیلئے آیا ہے اِس لئے آپ اِن کے ساتھ کارڈ شیئر کریں اور فوکل پرسن سلمان عارف سے بھی رابطہ میں رہیں تاکہ اس ملاقات کے فالو اَپ کیلئے اُن سے ضروری معلومات حاصل کر کے اس ملاقات کو نتیجہ خیز بنایاجا سکے۔ تاہم عارف احسان ملک نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر مضبوط روابط اور سرمایہ کاری میں سہولت مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس سے قبل چینی وفد کے سربراہ مسٹر لی ژونگ نے کہا کہ ابتدائی طور پر وہ یہاں اپنی کمپنی کے ٹرک درآمد کریں گے اور اُن کیلئے بعد از فروخت کی سہولتیں بھی مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو پھر وہ یہاں مقامی سرمایہ کاری کے تعاون سے اسمبلنگ پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں۔ انہوں نے شرکا کے مختلف سوالوں کے جواب بھی دیئے جبکہ سوال و جواب کی نشست میں محمد اظہر چوہدری، عظیم رندھاوا، ساجدقیوم، حنین حامد، محمد طارق اور دیگر ممبران نے بھی حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر میاں محمد سعید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر عارف احسان ملک نے چینی وفد کے سربراہ کو فیصل آباد چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی کالر پن بھی لگائی۔ اس موقع پر محمد آصف، محمد یوسف، حاجی محمد اسلم بھلی اور وحید خالق رامے کے علاوہ چینی وفد کے مسٹر لیانگ جیتاؤ،مسٹر سن چوان لو،مسٹر شوئے جنگ چی،مسٹر لیانگ ہائی سن،مسٹر وانگ چوان شینگ، مسٹر چن لونگ، مسٹر وانگ شو یانگ اورمسٹر غلام قادر بھی شامل تھے۔