نائب وزیراعظم پاکستان کی حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات محبت، اخوت، بھائی چارے، رواداری، باہمی ہم آہنگی اور خدمتِ انسانیت کا لازوال پیغام ہیں

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات محبت، اخوت، بھائی چارے، رواداری، باہمی ہم آہنگی اور خدمتِ انسانیت کا لازوال پیغام ہیں، جو صدیوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عقیدت مندوں کے لیے رہنمائی اور مشعلِ راہ کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ بیرونِ ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ پرسکون، باوقار ماحول میں اپنی حاضری مکمل کر سکیں۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور دیگر متعلقہ افسران نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے انہیں داتا دربار کی جاری توسیع، تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے منصوبے، زائرین کی سہولیات میں اضافے کے لیے جاری ترقیاتی اقدامات، سکیورٹی انتظامات اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اسحاق ڈار نے خواتین زائرین کے لیے حال ہی میں تعمیر کیے گئے مخصوص راستے کا خود دورہ کیا، وہاں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اور جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکرٹری اوقاف، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، ڈی ایس پی داتا دربار ثاقب بٹ، خطیب مولانا ندیم مختار، ایس ڈی او رانا ذوہیب، مزار انتظامیہ کے دیگر ارکان، محکمہ مواصلات و تعمیرات ، نیسپاک اور ٹیپا کی مشترکہ کاوشوں اور خدمات کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نائب وزیراعظم کو زائرین کی سہولت، آمد و رفت کو منظم بنانے اور مزار پر سکیورٹی انتظامات مزید موثر بنانے کے لیے محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مذہبی و روحانی مقامات کی بہتری اور زائرین کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش جیسے عظیم صوفیا کرام کی تعلیمات معاشرے میں امن، محبت، برداشت، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔دورے کے اختتام پر اسحاق ڈار، سیکرٹری اوقاف اور دیگر افسران نے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مولانا ندیم مختار نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی و استحکام اور پوری قوم کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔