محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مابین لیدر انڈسٹری کی ترقی، کھالوں اور چمڑے کی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن، صنعتی جدید کاری اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا، جسکی قیادت پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعظم علی ملک نے کی
محکمہ لائیو سٹاک پنجاب، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے درمیان اہم پیش رفت
لاہور۔7نومبر (اے پی پی):محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مابین لیدر انڈسٹری کی ترقی، کھالوں اور چمڑے کی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن، صنعتی جدید کاری اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا، جسکی قیادت پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعظم علی ملک نے کی۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے فلیگ شپ اقدام صنعتی ترقی و برآمدات پروگرام کے تحت نجی شعبے کے لیے دستیاب بلا سود مالی معاونت کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ پروگرام کے ذریعے نئی صنعتوں کے قیام اور موجودہ صنعتی یونٹس کی توسیع و جدید کاری کے لیے سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں بالخصوص ٹینریز کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن، چمڑے کی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن، پروسیسنگ کی استعداد میں اضافے اور لیدر مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پروگرام کے تحت مالی معاونت کے تین درجات مقرر کیے گئے ہیں۔ ٹیئر1: 10 لاکھ سے 10 کروڑ روپے تک برآمدات کے فروغ کے لیے مالی معاونت۔ ٹیئر2: 10 کروڑ سے1 ارب روپے تک جامع صنعتی ترقی اور کاروباری توسیع کے لیے مالی معاونت۔ ٹیئر3: 1 ارب سے5 ارب روپے تک سٹریٹجک اور اعلی قدر کے صنعتی منصوبوں کے لیے مالی معاونت ۔ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے لیدر انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پیداواری معیار میں بہتری، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز کی تنصیب، ماحولیاتی تقاضوں کی تکمیل اور پاکستانی چمڑے کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔اس موقع پر سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ لیدر سیکٹر پنجاب کی صنعتی و برآمدی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حکومت پنجاب صنعتی شعبے کی جدید کاری، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ پروگرام اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے، جس کے ذریعے کاروباری اداروں کو بلا سود مالی معاونت فراہم کرکے صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب، محکمہ صنعت اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے ممبران کو پروگرام کے تحت درخواستوں کی تیاری اور جمع کروانے کے عمل میں سہولت فراہم کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ صنعتی ادارے اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔








