وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے
وفاقی وزیر داخلہ اور وزیرمملکت طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ کی ملاقات، وفود کی سطح پر مذاکرات کئے
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور سوڈان کے درمیان سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔پاکستان اور سوڈان کے درمیان سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، سوڈان میں نادرا کے تعاون سے 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سول رجسٹریشن کے عمل میں آئندہ بھی تعاون کیلئے نادرا ہمہ وقت تیار ہے۔سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاکستان کی جانب سے انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت اور آسانی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ سائبر کرائم کے شعبہ میں پاکستان کی مہارت اور تجربہ سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ این پی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے ۔








