راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں نمایاں کمی، گزشتہ سال کے 1,586 کے مقابلے میں رواں برس صرف 91 کیسز رپورٹ

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا

راولپنڈی ۔6نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات، مریضوں کی صورتحال، لاروا سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 5 نومبر تک راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے 91 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ برس اس وقت کے دوران یہ تعداد 1,586 تھی۔

رواں سال مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی انسداد ڈینگی کے موثر اقدامات کو ظاہر کرتی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے دوران تقریباً 59 لاکھ گھروں اور 20 لاکھ سے زائد مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 43 ہزار سے زائد لاروا کی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں لاروا کی نشاندہی کے بعد رسپانس سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 4,676 لاروا کیسز میں سے 4,622 پر رسپانس مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 54 کیسز پر کارروائی جاری ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید موثر بنائیں، ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور لاروا کی نشاندہی کے بعد فوری رسپانس یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرویلنس کے دوران گھروں اور مقامات کی چیکنگ، صفائی ستھرائی اور لاروا کے خاتمے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈینگی سے بچائو کے لیے عوامی آگاہی مہم کو بھی موثر بنایا جائے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے مربوط انداز میں کام کریں۔

مزید خبریں