تھل جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل،فیصل شادی خیل نے پہلی،رضاسعید نے دوسری اور نادر مگسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی

تھل جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل،فیصل شادی خیل نے پہلی،رضاسعید نے دوسری اور نادر مگسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پی ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ٹی ڈی سی پی کے جنرل منیجر آپریشنز فرحت حسین فرخ اور ڈی پی او کوٹ ادو قمر منصور نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں مجموعی طور پر 101 ریسرز نے حصہ لیا، جن میں 96 مرد اور 5 …

مظفرگڑھ۔ 06 نومبر (اے پی پی):تھل جیپ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل،فیصل شادی خیل نے پہلی،رضاسعید نے دوسری اور نادر مگسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پی ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ٹی ڈی سی پی کے جنرل منیجر آپریشنز فرحت حسین فرخ اور ڈی پی او کوٹ ادو قمر منصور نے کوالیفائنگ راؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں مجموعی طور پر 101 ریسرز نے حصہ لیا، جن میں 96 مرد اور 5 خواتین ریسرز شامل ہیں۔ تین کلومیٹر طویل کوالیفائنگ ٹریک پر سب سے پہلے راجن پور کے محمد خان مزاری نے اپنی گاڑی روانہ کی۔پری پیئرڈ کیٹیگری کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں فیصل شادی خیل نے ایک منٹ 31 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، رضا سعید نے ایک منٹ 32 سیکنڈ میں ٹریک عبور کرکے دوسری جبکہ میر نادر مگسی نے ایک منٹ 33 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ معروف ریسر صاحبزادہ سلطان محمد نے ایک منٹ 34 سیکنڈ میں ٹریک مکمل کیا۔ اسی طرح اسٹاک کیٹیگری میں ربنواز جوئیہ نے ایک منٹ 50 سیکنڈ کے کم ترین وقت میں ٹریک عبور کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سید آصف امام ایک منٹ 51 سیکنڈ اور 52 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ صفوان جاوید ایک منٹ 51 سیکنڈ اور 72 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد یوسف چھینہ کے ہمراہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریلی میں ملک بھر سے آئے ہوئے ریسرز کی شرکت تھل کے صحرائی خطے میں موٹر اسپورٹس کے بڑھتے ہوئے رجحان اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کی عکاس ہے۔ خواتین ریسرز کی شرکت بھی اس ایونٹ کی نمایاں خصوصیت ہے، جو کھیلوں کے میدان میں خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور صلاحیتوں کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے انعقاد سے علاقے کی ثقافت، روایات اور سیاحتی مقامات کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔گیارہویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 2026 کے سلسلے میں کل 7 نومبر کو چھانگا مانگا ٹیلہ پر اسٹاک کیٹیگری جیپ ریس اور روایتی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوں گے۔ شیڈول کے مطابق صبح 9:30 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اسٹاک کیٹیگری کی جیپ ریس ہوگی، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ریسرز اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کے زیر اہتمام چار روزہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے انعقاد کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا، مقامی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ریلی میں ملکی و غیر ملکی ریسرز کی شرکت اور مختلف ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں تھل کے صحرائی حسن کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

مزید خبریں