پاکستان کی ثقافت، سیاحت، کھیلوں اور تفریح کے رنگ ایک ہی مقام پر سج گئے، اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول شروع ہوگیا۔
اسلام آباد میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول شروع، پہلے روز ہی شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان کی ثقافت، سیاحت، کھیلوں اور تفریح کے رنگ ایک ہی مقام پر سج گئے، اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول شروع ہوگیا۔ پہلے ہی روز رنگا رنگ تقریبات، ثقافتی نمائشوں، روایتی کھانوں اور منفرد سرگرمیوں نے شہریوں کی توجہ حاصل کرلی۔ فیسٹیول میں ملک کے تمام صوبوں کی تہذیب و ثقافت، دستکاری اور روایات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول کا افتتاح وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کیا۔ ایم ڈی پاکستان ٹوارزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمن رانا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فیسٹیول میں پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی سٹالز بھی موجود ہیں جہاں پر تمام صوبوں کی تہذیب و ثقافت، روایات، رہن سہن ، روایتی کھانے اور دستکاریاں نمایاں کی گئی ہیں۔فیسٹیول میں پاکستان کے روایتی کھانوں کے علاوہ مشہور برانڈز کے سٹالز بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے تمام صوبوں کے دستکاروں کے سٹالز بھی انتہائی دیدہ زیب ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہاتھ سے بنی ثقافتی اشیاء سجا رکھی ہیں۔ فیسٹیول کے سٹالز کا دورہ کرنے کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں،پاکستان کے لوگوں کی میزبانی اسکو دنیا میں ممتاز بناتی ہے، حکومت سیاحتی شعبے کی ترقی کےلئے پرعزم ہے، پاکستان کو ایک متحد سیاحتی منزل کے طور پر عالمی سطح پر متعارف کرانا ہوگا، ہمارا ملک قدرتی حسن اور سیاحتی وسائل سے مالامال ملک ہے، سیاحت کے بے پناہ امکانات سے فائدہ اٹھانے کیلئے موثر حکمت عملی ناگزیرہے۔ سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کےلئے صوبوں میں بہتر رابطہ کاری ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول جیسے ایونٹ ضروری ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ، ثقافتی سفارت کاری اور علاقائی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اس نوعیت کے بین الاقوامی فیسٹیولز کو پاکستان کے ثقافتی ورثے، قدرتی حسن اور سیاحتی و سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے سرکاری و نجی شعبے کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے بین الاقوامی سیاحت، تجارتی روابط اور عوامی سطح پر دوستی کو فروغ ملتا ہے۔واضح رہے کہ فیسٹیول 8 نومبر تک جاری رہے گا جس میں میوزیکل ایوننگز، کنسرٹس فلائنگ لینٹرن، آتش بازی اور مختلف سپورٹس کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔







