کاروباری ضوابط میں آسانی اور صنعتی زونز کی بہتری، ایس آئی ایف سی کا حکومتِ خیبر پختونخوا سے اشتراک

آسان کاروبار ایکٹ، کاروباری سہولتوں کی ڈیجیٹل فراہمی اور اہم خصوصی اقتصادی زونز کی بہتری ایس آئی ایف سی وفد کے دورۂ خیبر پختونخوا کے اہم موضوعات کا حصہ ہیں۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ڈائریکٹر جنرل اور سیکرٹری پر مشتمل وفد نے پشاور کا دورہ کیا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):آسان کاروبار ایکٹ، کاروباری سہولتوں کی ڈیجیٹل فراہمی اور اہم خصوصی اقتصادی زونز کی بہتری ایس آئی ایف سی وفد کے دورۂ خیبر پختونخوا کے اہم موضوعات کا حصہ ہیں۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ڈائریکٹر جنرل اور سیکرٹری پر مشتمل وفد نے پشاور کا دورہ کیا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق ملاقات میں صوبے میں کاروباری ماحول کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ایس آئی ایف سی کے وفد نے چیف سیکرٹری کو کونسل کے جاری ضابطہ جاتی اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا، جن میں آسان کاروبار ایکٹ پر عمل درآمد، قومی کاروباری پورٹل کی تیاری اور کاروباری سہولت مراکز کا قیام خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد کاروبار کے اندراج اور لائسنس کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانا، غیر ضروری ضابطہ جاتی پیچیدگیوں میں کمی لانا اور سرمایہ کاروں و کاروباری افراد کو سرکاری سہولتوں تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے آسان کاروبار ایکٹ کی منظوری کو سراہا گیا، جو کاروباری ضوابط میں آسانی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔ ملاقات میں صوبے کے اہم خصوصی اقتصادی زونز، بالخصوص حطار، رشکئی اور درابن کی ترقی اور استعدادِ کار میں بہتری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ضمن میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، انتظامی و عملی کارکردگی میں اضافے اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی گئی، تاکہ ان صنعتی زونز میں نئی سرمایہ کاری، نجی شعبے کی شمولیت، صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے سرمایہ کاری کے فروغ اور ضابطہ جاتی اصلاحات میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے مشترکہ اقدامات پر عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر طے شدہ اقدامات کے مؤثر نفاذ اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایس آئی ایف سی ملک بھر میں کاروباری ضوابط کو آسان بنانے، ادارہ جاتی روابط بہتر کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی اداروں کے مربوط اشتراک کے ذریعے انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے، کاروباری سہولتوں میں بہتری اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے شفاف اور قابلِ پیش گوئی نظام کی تشکیل پر کام جاری ہے۔حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ ایس آئی ایف سی کا یہ اشتراک ملک بھر میں پالیسی اصلاحات کو عملی سہولتوں میں تبدیل کرنے، موجودہ صنعتی ڈھانچے کی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے اور صوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ ان مربوط اقدامات کا مقصد نجی کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا، صنعتی ترقی کو فروغ دینا اور ملک کی پائیدار معاشی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔

مزید خبریں