چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ (پی ای سی بی) میں سالانہ انٹرنیشنل کلچر ڈے کا افتتاح کیا،تقریب کا مقصد مختلف ممالک کی ثقافتوں، روایات اور تہذیبی تنوع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بین الثقافتی مکالمے اور عالمی دوستی کو فروغ دینا تھا۔سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر نے تقریب کے آغاز پر مختلف ممالک کے ثقافتی اسٹالز …
پاکستانی سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں سالانہ انٹرنیشنل کلچر ڈے کا افتتاح کیا

مزید خبریں
بیجنگ۔7نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ (پی ای سی بی) میں سالانہ انٹرنیشنل کلچر ڈے کا افتتاح کیا،تقریب کا مقصد مختلف ممالک کی ثقافتوں، روایات اور تہذیبی تنوع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بین الثقافتی مکالمے اور عالمی دوستی کو فروغ دینا تھا۔سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر نے تقریب کے آغاز پر مختلف ممالک کے ثقافتی اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ و شرکاء سے ملاقات کی۔
تقریب میں 50 سے زائد ممالک کے طلبہ نے اپنے اپنے ممالک کی ثقافت، روایات، رسم و رواج، فنون اور کھانوں کی نمائش کی۔ اس موقع پر پاکستانی، چینی اور دیگر عالمی ثقافتوں کی عکاسی کرنے والے رنگا رنگ اسٹالز، روایتی موسیقی اور فن پاروں نے تقریب کو منفرد رنگ دیا۔تقریب میں پاکستان کے مختلف صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے طلبہ نے خصوصی پرفارمنسز پیش کیں، جبکہ چینی اور افریقی ثقافتی فنون پر مبنی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل کلچرل واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف قومیتوں کی ثقافتی شناخت کو نمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کو بیجنگ کا پہلا بین الاقوامی اسکول ہونے کا تاریخی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے تعلیمی معیار کے فروغ اور پاکستان چین تعلقات کے تعلیمی و ثقافتی پہلوؤں کو مضبوط بنانے میں ادارے کے دیرینہ کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ کالج نوجوان نسل میں عالمی شہریت،باہمی احترام اور بین الاقوامی شعور کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد ماحول فراہم کر رہا ہے۔
سفیر نے ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تبادلے مختلف معاشروں اور قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی احترام و قدردانی کو فروغ دینے اور دیرپا دوستی کے رشتے استوار کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جو مضبوط دوطرفہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔انہوں نے تقریب کے انعقاد پر کالج انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔تقریب میں سفارتی برادری کے ارکان، ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندگان، چینی شہریوں، والدین اور بیجنگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔







