ٹیلی ہیلتھ انیشیٹو ’’صحت دہلیز‘‘ کے ذریعےعوام کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، حکومت بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی اقدام اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے پی پی ایچ آئی بلوچستان کے تحت شروع کیے گئے ٹیلی ہیلتھ انیشیٹو ’’صحت دہلیز‘‘ کے ذریعے صوبے کے عوام کو گھر بیٹھے مفت، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

کوئٹہ۔ 10 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی اقدام اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے پی پی ایچ آئی بلوچستان کے تحت شروع کیے گئے ٹیلی ہیلتھ انیشیٹو ’’صحت دہلیز‘‘ کے ذریعے صوبے کے عوام کو گھر بیٹھے مفت، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس جدید ڈیجیٹل ہیلتھ سروس کا مقصد بلوچستان کے شہری و دور دراز علاقوں میں مقیم افراد کو طبی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اور اپنے خاندان کے لیے کہیں سے بھی آن لائن ڈاکٹر سے مشاورت حاصل کر سکیں۔صحت دہلیز کے تحت گزشتہ 20 روز کے دوران مجموعی طور پر 8 ہزار 815 مشاورتیں فراہم کی گئیں، جبکہ 7 نومبر 2026 کو ایک ہی روز میں 5 ہزار 528 مشاورتیں مکمل ہوئیں۔ سروس کے اعداد و شمار کے مطابق کال موصول ہونے پر انتظار کا اوسط وقت صرف 57 سیکنڈ رہا، جبکہ ایک کال پر ڈاکٹر سے مشاورت کا اوسط دورانیہ 7 منٹ 2 سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مزید برآں، 86.8 فیصد مریضوں کو ان کی دہلیز پر ادویات کے نسخے موصول ہوئے۔اس سروس کے ذریعے شہریوں کو آن لائن ڈاکٹر سے مشاورت، طبی نسخے کی فراہمی، ادویات گھر تک پہنچانے اور ضرورت پڑنے پر اعلیٰ طبی مراکز میں علاج کے لیے ریفرل کی سہولت بھی مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے۔صحت دہلیز کی سہولت ویب ایپلیکیشن sehat.pphib.org اور گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ بلوچستان کے عوام اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے گھر بیٹھے ڈاکٹر، نسخہ، ادویات اور طبی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں