غزہ میں شدید بارشوں سے انسانی بحران مزید سنگین، ہزاروں خاندان بے گھر، اقوام متحدہ کا ہنگامی امداد اور پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ نے غزہ میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ہزاروں خاندانوں کے خیمے اور گھریلو سامان تباہ ہو گیا جبکہ امدادی مراکز اور تعلیمی مقامات کو بھی نقصان پہنچا ہے

اقوام متحدہ ۔10نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے غزہ میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ہزاروں خاندانوں کے خیمے اور گھریلو سامان تباہ ہو گیا جبکہ امدادی مراکز اور تعلیمی مقامات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ نے غزہ میں امدادی سامان اور ضروری مشینری کی ترسیل میں حائل پابندیاں اور تاخیر فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوچا) نے پیر کو بتایا کہ جمعہ کی شام سے شروع ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جس سے عارضی پناہ گاہوں کی کمزوری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نمایاں ہو گئی۔اوسی ایچ اے کے مطابق سیلابی پانی میں ڈوبنے سے ایک شیر خوار بچے کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ ریتلی پہاڑی کے خیموں پر گرنے سے تین بچوں اور دو خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ بارشوں کے باعث ہزاروں خاندانوں کی پناہ گاہیں اور ذاتی سامان بھی ضائع ہو گیا۔اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ انسانی امدادی شراکت داروں نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں ضروریات کا جائزہ لینے، ہنگامی سامان تقسیم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اقدامات کیے، تاہم غزہ میں خیموں، ترپالوں، کمبلوں اور کپڑوں کے امدادی ذخائر تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔اوسی ایچ اے کے مطابق امدادی ٹیموں نے سیلابی پانی نکالنے، نکاسی آب بہتر بنانے، بے گھر افراد کے عارضی کیمپوں کو ریت کی بوریوں سے محفوظ بنانے اور متاثرہ خیموں کی مرمت کے اقدامات کیے، تاہم ضروری مشینری اور پناہ گاہوں کے سامان کی شدید قلت کے باعث ضروریات پوری کرنا مشکل ہو رہا ہے۔اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ میں مزید امدادی سامان اور مشینری پہنچانے کے لیے انسانی بنیادوں پر مالی معاونت اور اسرائیل کی منظوری فوری درکار ہے۔ ضروری سامان میں پانی نکالنے والے ٹرک، موبائل پمپ، انجن آئل، پائپ اور بھاری مشینری شامل ہیں۔ اوچا نے بتایا کہ انسانی امدادی اداروں اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے خریدے گئے ڈیڑھ لاکھ سے زائد خیمے غزہ سے باہر ترسیل کے منتظر ہیں۔مقبوضہ فلسطینی علاقے کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ کار رامز الاکبروف نے رام اللہ میں کہا کہ بارش ایک قدرتی عمل ہے، تاہم لوگوں کی موجودہ بے بسی انسانی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث مکانات اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے جبکہ سخت پابندیوں نے امدادی سرگرمیوں اور سیلاب سے متاثرہ ساحلی علاقوں سے دور محفوظ مقامات تک رسائی محدود کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی بیشتر آبادی ایسے بوسیدہ خیموں میں رہنے پر مجبور ہے جو معمولی نوعیت کے طوفان کا بھی مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے امدادی تنظیموں کو ضروری سامان غزہ پہنچانے میں درپیش غیر ضروری پابندیاں اور تاخیر فوری ختم کرنے پر زور دیا۔اوسی ایچ اے نے مزید بتایا کہ غزہ کے گنجان آباد علاقوں میں فضائی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید جانی نقصان ہوا ہے اور امدادی کارکنوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ ہفتے کے روز غزہ شہر میں نام نہاد ’’یلو لائن‘‘ کے مغرب میں ایک بے گھر افراد کے کیمپ کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو قریب فائرنگ کے باعث محفوظ مقام پر پناہ لینا پڑی۔اقوام متحدہ نے ایک بار پھر بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔