کوپ 31 ترکیہ کے شہر انطالیہ میں شروع ہو گئی،موسمیاتی وعدوں کو عملی اقدامات میں بدلنے پر زور

اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31ترکیہ کے شہرانطالیہ میں گزشتہ روز شروع ہوئی ،جو 20 نومبر تک جاری رہے گی ، کانفرنس میں 200 ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔

انطالیہ۔10نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31ترکیہ کے شہرانطالیہ میں گزشتہ روز شروع ہوئی ،جو 20 نومبر تک جاری رہے گی ، کانفرنس میں 200 ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق کانفرنس کے آغاز پر اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہ سائمن سٹیل نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت نہ تو کافی ہے اور نہ ہی منصفانہ۔ انہوں نے ممالک پر زور دیا کہ وہ صرف اہداف مقرر کرنے کے بجائے ایسے عملی حل تیز کریں جن کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آئیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کوپ کانفرنس تمام مسائل کا فوری حل نہیں اور نہ ہی کوئی ایک کانفرنس سائنسی حقائق اور زمینی صورتحال کے درمیان خلیج ختم کر سکتی ہے۔دیگر بڑی موسمیاتی کانفرنسز کے برعکس، جن میں کسی ایک اہم معاہدے پر توجہ مرکوز ہوتی ہے، کوپ 31 میں پہلے سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔ترکیہ کے وزیر ماحولیات مرات کوروم نے باضابطہ طور پر کوپ 31 کی صدارت سنبھال لی، جبکہ آسٹریلیا کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و توانائی کرس بوون غیر معمولی مشترکہ صدارت کے انتظام کے تحت مذاکرات کی نگرانی کریں گے، جس پر کوپ 30 کے دوران اتفاق کیا گیا تھا۔مرات کوروم نے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فیصلے شہروں کے بنیادی ڈھانچے، کسانوں کی زمینوں اور کارخانوں کی پیداواری سرگرمیوں میں نظر آنے چاہئیں، جبکہ خاندانوں کو توانائی کے کم بلوں کی صورت میں ان کے اثرات محسوس ہونے چاہئیں۔کرس بوون نے اعلان کیا کہ کانفرنس کے اختتامی دنوں کا انتظار کرنے کے بجائے صدارت کی جانب سے تیار کردہ ایک فیصلہ کانفرنس کے دوران ہی پیش کیا جائے گا۔ اس کا مقصد موسمیاتی اقدامات کو تیز کرنے کے لیے عملی حکمت عملی پر اتفاق کرنا ہے، تاہم مجوزہ فیصلے کے دائرہ کار اور اس کی اہمیت پر ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔کانفرنس میں موسمیاتی مالی معاونت کو مشکل ترین معاملات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ترقی پذیر ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے اور صاف ترقی کے لیے مالی وسائل تک تیز تر رسائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مذاکرات میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی اور منصفانہ منتقلی سے متعلق معاہدوں کو آگے بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔کرس بوون نے کہا کہ فیصلے کی اہمیت، اس کے مختلف پہلوؤں اور اس کے دائرہ کار پر ممالک کے درمیان اختلافات موجود ہیں، تاہم ان اختلافات کو کم کرتے ہوئے اتفاق رائے کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ موثر اور نتیجہ خیز فیصلہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔پیر کوکانفرنس میں خوراک، زراعت اور صحت کا دن بھی منایا گیا، جس میں انسانی صحت پر موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا کے 3.3 سے 3.6 بلین افراد ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے انتہائی خطرے سے دوچار ہیں۔ شدید گرمی، سیلاب اور موسم کے بدلتے ہوئے انداز پہلے ہی انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں اور دنیا بھر کے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔صحت کو کوپ 31 کے ایکشن ایجنڈے کے 10 ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ ممالک پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ کوپ 30 میں منظور کیے گئے بیلیم ہیلتھ ایکشن(Belém Health Action) پلان پر عمل درآمد کریں۔ اس سلسلے میں صحت کے شعبے میں موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک نیا انطالیہ اقدام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے مجموعی اخراج میں خوراک اور زراعت کے شعبے کا حصہ تقریباً ایک تہائی ہے، تاہم یہ شعبہ خود بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہا ہے کیونکہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، خشک سالی اور سیلاب فصلوں اور لاکھوں کسانوں کے روزگار کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔