انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیکل کیرک کی برطرفی کا امکان بڑھ گیا ہے، تاہم کلب انتظامیہ نے تاحال ان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا
مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ مائیکل کیرک کی چھٹی کا امکان، برطرفی کی سفارش متوقع

مزید خبریں
مانچسٹر۔10نومبر (اے پی پی):انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیکل کیرک کی برطرفی کا امکان بڑھ گیا ہے، تاہم کلب انتظامیہ نے تاحال ان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔بی بی سی کے مطابق کلب کے چیف ایگزیکٹو عمر بیراڈا اور ڈائریکٹر فٹ بال جیسن ولکوکس، اقلیتی مالک سر جم ریٹکلف اور گلیزر خاندان کو مائیکل کیرک کی برطرفی کی سفارش کر سکتے ہیں۔مانچسٹر یونائیٹڈ کو 25 اکتوبر کو بورن ماؤتھ کے ہاتھوں اپنے ہوم گراؤنڈ پر 0-3 سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد انتظامیہ نے نومبر کے بین الاقوامی وقفے تک کوچ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔آسٹن ولا کے خلاف اتوار کو 4-4 سے ڈرا ہونے والے میچ کے بعد مانچسٹریونائیٹڈ کی پریمیئر لیگ میں پوزیشن 18ویں ہو گئی ہے۔ ٹیم کو گزشتہ 10 لیگ میچز میں صرف 1 کامیابی حاصل ہوئی جبکہ رواں سیزن میں تمام مقابلوں میں 15 میچز کے دوران وہ صرف 3 فتوحات حاصل کر سکی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایڈی ہو، جولین ناگلسمین، انتونیو کونٹے اور ماریشیو پوچیٹینو ممکنہ متبادل امیدواروں میں شامل ہیں۔ پوچیٹینو اس وقت امریکی قومی ٹیم کے کوچ ہیں، تاہم ان کے معاہدے میں بعض بڑے کلبوں کی پیشکش پر علیحدگی کی گنجائش موجود ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔مائیکل کیرک کو رواں سیزن کے خراب آغاز، دفاعی کمزوریوں، کھلاڑیوں کی انجریز اور ٹیم کے مسلسل غیر مستقل کھیل کے باعث شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ اب نومبر کا بین الاقوامی وقفہ ان کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔







