اردن کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کسی بھی عارضی رکاوٹ سے کہیں زیادہ پائیدار ہے ،شام

شام نے کہا ہے کہ اردن کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کسی بھی عارضی رکاوٹ سے کہیں زیادہ پائیدار ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات شام کے وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی نے گزشتہ روز دمشق میں اپنے اردنی ہم منصب ایمن الصفدی سے ملاقات کے بعد کہی۔

دمشق۔10نومبر (اے پی پی):شام نے کہا ہے کہ اردن کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کسی بھی عارضی رکاوٹ سے کہیں زیادہ پائیدار ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات شام کے وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی نے گزشتہ روز دمشق میں اپنے اردنی ہم منصب ایمن الصفدی سے ملاقات کے بعد کہی۔ شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور اردن کی سلامتی دراصل شام کی سلامتی ہی کا ایک توسیعی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردن نے گزشتہ ماہ درعا میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے تفہیم اور کشادہ دلی کا مظاہرہ کیا،دونوں ممالک نے فضائی حملوں کے حالات کی تحقیقات کے لیے ایک مشترکہ سکیورٹی اور تکنیکی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اردن نے کہا ہے کہ 26 اکتوبر کو ان حملوں میں داعش کے ان جنگجوئوں کو نشانہ بنایا گیا جو اردن کے صوبہ کرک میں ایک گرجا گھر پر مہلک حملے میں ملوث تھے۔ شامی حکام کے مطابق ان حملوں میں 3 بچوں سمیت7شہری ہلاک ہوئے۔شام-اردن ہائر کوآرڈینیشن کونسل کے تیسرے اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وزارتی اور تکنیکی وفود نے شرکت کی جس کے بعد شام کے وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی نے اردنی ہم منصب ایمن الصفدی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ نقصان کے ازالے اور متاثرہ افراد کو معاوضہ دینے کے لیے کام جاری ہے۔ اردن کے وزیر خارجہ نےشامی وزیر خارجہ اور متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی خون ہمارے لیے اتنا ہی قیمتی ہے جتنا کہ اردنی خون۔ شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات گزشتہ کئی عشروں کی نسبت اب مضبوط ترین ہیں۔ اردن کے وزیر خارجہ نے بھی کہا کہ دونوں ممالک منشیات کی سمگلنگ کے خلاف مل کر کام کر رہے ہیں جو ہماری مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں کے خلاف شام کے لیے اردن کی طرف سے حمایت کا بھی اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ یہ حملے روکے تاکہ خطے کو مزید کشیدگی کی طرف جانے سے بچایا جائے۔