امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری، افکار اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود مُختاری اور خود ارادیت کا شعور بیدار کیا
علامہ اقبال کی بصیرت آفروز شاعری کے پاکستان کی قومی تاریخ اور شناخت پر انمٹ نقوش ہیں،امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا یوم اقبال کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
واشنگٹن۔10نومبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری، افکار اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود مُختاری اور خود ارادیت کا شعور بیدار کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ مُحمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر واشنگٹن میں پاکستان کے سفارت خانہ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. علامہ اقبال کو ان کے یوم ولادت کے موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور دیگر مقررین و شعرا نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں سرکردہ پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں، میڈیا نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ سفیر رضوان شیخ نے کہا کہ شاعرمشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری، افکار اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود مُختاری اور خود ارادیت کا شعور بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی نثر اور نظم کے ذریعے اس ملت کو جگانے کی کوشش کی جو نوآبادیت کے زیر اثر،فکری اور ذہنی پابندیوں کا شکار تھی۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ علامہ اقبال نے نو آبادیاتی پس منظر میں اپنے کلام کے ذریعے ملت سے رابطہ استوار کرکے راکھ میں چنگاری کی مانند قیام ِ پاکستان کی تحریک کی فکری بنیاد ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کلامِ اقبال کا محور خود شناسی کے ذریعے ایک قوم کو بیدار کرنا اور بالخصوص اس کے نوجوانوں کو متحرک کرنا تھا۔ سفیر نے کہا کہ علامہ اقبال کے پیغام میں اسلامی اقدار ،روحانیت اور ثقافت کے احیاء پرزور دیا گیا ہے۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اقبال کے تصور ِ خودی میں خود اعتمادی موجود ہے، ان کی بنیادی کوشش یہ تھی کہ مسلمانانِ بر صغیر کو اپنی سیاسی اہمیت اور علیحدہ تشخص کا احساس دِلایا جائے۔ سفیر نے کہا کہ حکومت پاکستان فکرِ اقبال کو تعلیمی اداروں، قومی مباحث اور ترقیاتی ترجیحات کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے، یہ سلسلہ 150 ویں سالگرہ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلام ِ اقبال مختلف ادوار میں ہماری زندگیوں کا حصہ رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فکری اساس کو نئی نسل میں منتقل کیا جائے۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجو ان نسل کو اُن درخشاں روایات سے روشناس کروانا ہے جن کے ہم امین ہیں اور ان کا ذکر فلسفہ اقبال میں ہے۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ خودی خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کے ذریعے افراد اور اقوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا درس دیتا ہے، اقبال کا تصورِ شاہین نوجوانوں کو جرأت،بُلند ارادے اور حُصولِ کمال کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری میں معنویت، آفاقیت اور افادیت ہے، شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری بذات ِخود ایک اجتہادی کاوش ہے، آج علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم ایک خوشحال، پر امن اور متحد پاکستان کی تعمیر کیلئے کوشاں رہیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور اور جو قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے باعث شرمندۂ تعبیر ہوا۔ اس موقع پر مقررین اور شعرا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر محمّد اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ ملک کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے 1930 کے مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس سے اپنے تاریخی خطاب میں مسلمانوں کیلئے ایک آزاد مملکت کا خاکہ پیش کیا جس نے بعد ازاں حقیقت کا روپ دھارا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم شاعر و مفکر علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاد وطن کا خواب دیکھا تاکہ برطانوی ہندوستان میں مسلمان اپنے سیاسی حقوق حاصل کر سکیں اور ایک آزاد ملک میں ترقی کی منازل طے کریں۔ اقبال کی شاعری اور عصرِ حاضر کے تقاضے کے موضوع پر پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اِس موقع پر صادقین گیلری ،شکاگو نے کلام اقبال پرمشتمل خصوصی فن پاروں کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا اور کلامِ اقبال پرمشتمل ویڈیو بھی دکھائی گئی جسے حاضرینِ محفل نے خوب سراہا۔ تقریب کے دوران نامور شعرا نے اپنے کلام کے ذریعے علامہ اقبال کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فکرِ اقبال کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔سفارت خانہ میں اقبال ڈے کا انعقاد بزمِ حرف و سخن اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے اشتراک سے کیا گیا اور فرسٹ سیکرٹری افراح طارق نے نظامت کے فرائض سر انجام دیئے۔ تقریب کے اختتام پرمنتظمین اور شرکاء نے سفیر پاکستان اور سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی شکریہ ادا کیا جس نے امریکی نژادپاکستانیوں کو کلامِ اقبال سے مستفید ہونے کا شاندار موقع فراہم کیا






