پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے علاقائی امن اور معاشی خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا،نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈارکا مارگلہ ڈائیلاگ 2026 سے خطاب

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی سے نمٹنے کیلئے سفارت کاری، مذاکرات اور کثیرالجہتی تعاون کے مؤثر کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے علاقائی امن اور معاشی خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی سے نمٹنے کیلئے سفارت کاری، مذاکرات اور کثیرالجہتی تعاون کے مؤثر کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے علاقائی امن اور معاشی خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم وہ اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری قوت سے اقدامات کرے گا، تنازعہ جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مارگلہ ڈائیلاگ 2026 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد پالیسی رسیرچ انسی ٹیوٹ نے کیا تھا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منظرنامے میں تبدیلی کے باعث بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت میں شدت، طویل تنازعات، اسلحے پر کنٹرول کے انتظامات کی کمزوری اور جغرافیائی سیاست و معاشی مسابقت کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط نمایاں ہورہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلیج اور بحیرہ احمر جیسے خطوں میں عدم استحکام عالمی تجارت، توانائی کی فراہمی اور معیشتوں کو متاثر کرسکتا ہے جبکہ مصنوعی ذہانت، سائبر صلاحیتوں اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تیز رفتار پیش رفت نئے سکیورٹی چیلنجز پیدا کررہی ہے۔ فلسطین اور غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور سفارتی رابطوں کے ذرائع کھلے رکھنے کی ضرورت کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی علاقائی سفارت کاری بھی اسی سوچ اور عزم کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی اقدامات بالخصوص 2025 اور 2026کے دوران سلامتی کونسل کی رکنیت کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ اس سال اپریل میں امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کا سہولیاتی کردار تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے پاکستان کے عزم کا عکاس تھا۔ انہوں نے بعد ازاں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مزید مذاکرات کیلئے ایک اہم بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے چین کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کو بھی سراہا اور اس بارے میں انہوں نے خلیج اور مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے 31 مارچ 2026 کو بیجنگ میں جاری کئے گئے مشترکہ پانچ نکاتی اقدام کا حوالہ بھی دیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی شراکت داروں، بشمول قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ آر فور فریم ورک کے تحت جبکہ یورپی شراکت داروں کے ساتھ بھی سفارتی روابط اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ مذاکرات کا سلسلہ برقرار رکھا جاسکے اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ حل طلب تنازعات، عسکری عدم توازن اور یکطرفہ اقدامات بدستور علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کے قومی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت کا مظہر تھا، اس موقع پر انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم وہ اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری قوت سے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششوں کے خلاف بھی خبردار کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغانستان کی سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کو ایک سنگین سکیورٹی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری رکھے گا جبکہ وہ ایک پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط افغانستان کی حمایت بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان کی عالمی شراکت داریوں پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون قرار دیا جبکہ امریکہ کے ساتھ تعمیری روابط اور سعودی عرب، ترکیہ، ایران، خلیجی ممالک، یورپ اور وسطی ایشیا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی حوالہ دیا اور اسے ایک دفاعی انتظام قرار دیا جس کا مقصد کسی مخصوص ملک کو ہدف بنانا نہیں بلکہ اجتماعی سلامتی اور قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ ملکی معاشی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے پاکستان کی صلاحیت کا انحصار اس کی معیشت، اداروں اور تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سفارت کاری ان کی کوششوں کا ایک مرکزی جزو ہے جس کے تحت برآمدات کی منڈیوں کو وسعت دینے، پیداواری سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایک منصفانہ عالمی معاشی نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا جو بالخصوص مالی وسائل تک مساوی رسائی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کیلئے معاونت اور جدید ٹیکنالوجیز تک منصفانہ رسائی کے ذریعے گلوبل ساؤتھ کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرے۔ اسلام آباد پالیسی رسیرچ انسی ٹیوٹ کے صدر لیفٹینٹ جنرل (ر) ماجد احسان ، غیر ملکی سفیراور دیگر اہم شخصیات بھی مارگلہ ڈائیلاگ 2026 میں شریک ہوئیں۔

مزید خبریں