ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں ملا جلا رجحان، شمالی علاقوں میں کمی ،جنوبی میں اضافہ

ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، شمالی علاقوں میں فی بوری قیمت میں کمی جبکہ جنوبی علاقوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، شمالی علاقوں میں فی بوری قیمت میں کمی جبکہ جنوبی علاقوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 5 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1,592 روپے ریکارڈ کی گئی، جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.75 فیصد کم ہے۔ پیوستہ ہفتے میں شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1,604 روپے رہی تھی۔اس کے برعکس جنوبی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1,581 روپے ریکارڈ کی گئی، جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.60 فیصد زیادہ ہے۔ اس سے قبل جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1,572 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1,530 روپے، راولپنڈی میں 1,518 روپے، گوجرانوالہ میں 1,650 روپے، سیالکوٹ میں 1,630 روپے، لاہور میں 1,660 روپے، فیصل آباد میں 1,580 روپے اور سرگودھا میں 1,608 روپے ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح ملتان میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1,657 روپے، بہاولپور میں 1,650 روپے، پشاور میں 1,533 روپے اور بنوں میں 1,450 روپے رہی۔جنوبی علاقوں میں کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1,486 روپے، حیدرآباد میں 1,607 روپے، سکھر میں 1,650 روپے، لاڑکانہ میں 1,523 روپے، کوئٹہ میں 1,570 روپے اور خضدار میں 1,650 روپے ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں