پی سی بی کا سابق قومی کرکٹر محمد یوسف اور سابق ویمنز ٹیم کپتان ثنا میرکو ہال آف فیم میں شامل کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سابق قومی کرکٹر محمد یوسف اور سابق ویمنز ٹیم کپتان ثنا میر کو پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل کر لیا

لاہور۔15نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سابق قومی کرکٹر محمد یوسف اور سابق ویمنز ٹیم کپتان ثنا میر کو پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل کر لیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا جبکہ ثنا میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد پی سی بی ہال آف فیم میں شامل عظیم کھلاڑیوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ محمد یوسف نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز بنائے۔ انہوں نے 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوران ایک سال میں 1,788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔دوسری جانب ثنا میر نے 226 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2 ہزار 432 رنز بھی بنائے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ محمد یوسف اور ثنا میر سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل تھے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد یوسف اور ثنا میر کو ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کرکٹرز کی خدمات پاکستان کرکٹ کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔