بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن کے مشترکہ منصوبے کا راکٹ ناکام، ایمیزون کے 40 سیٹلائٹس تباہ ہو گئے

امریکی کمپنی ایمیزون کے 40 سیٹلائٹس اس وقت تباہ ہو گئے جب بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن کے مشترکہ منصوبے یونائیٹڈ لانچ الائنس (یو ایل اے) کا تیار کردہ ولکن راکٹ گزشتہ روز فلوریڈا کے کیپ کنیورل سپیس فورس سٹیشن سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ناکام ہو گیا۔

واشنگٹن ۔16نومبر (اے پی پی):امریکی کمپنی ایمیزون کے 40 سیٹلائٹس اس وقت تباہ ہو گئے جب بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن کے مشترکہ منصوبے یونائیٹڈ لانچ الائنس (یو ایل اے) کا تیار کردہ ولکن راکٹ گزشتہ روز فلوریڈا کے کیپ کنیورل سپیس فورس سٹیشن سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ناکام ہو گیا۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ لانچنگ کمپنی کے مشن کی ناکامی کا پہلا واقعہ ہے، جس کے نتیجے میں ایمیزون کے لیو انٹرنیٹ نیٹ ورک کے لیے بھیجے جانے والے سیٹلائٹس تباہ ہو گئے۔سپیس لانچ کمپلیکس 41 سے پرواز کے تقریباً 10 منٹ بعد راکٹ میں خرابی پیدا ہوئی۔ ناکامی کی فوری طور پر کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ یو ایل اے ایمیزون کے سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک کے لیے باقاعدگی سے راکٹ لانچ کرنے کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔یونائیٹڈ لانچ الائنس نے میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ولکن راکٹ کو پرواز کے تقریباً 10 منٹ بعد تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ ایمیزون کے سیٹلائٹس کو مدار میں پہنچانے میں ناکام رہا۔