چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ چین 2027 میں مصنوعی ذہانت (AI)کے تعاون کے سال کو کامیاب بنانے کے لیے آسیان ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے
چین 2027 میں مصنوعی ذہانت کے تعاون کے سال کو کامیاب بنانے کے لیے آسیان ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے،چینی وزیراعظم

مزید خبریں
منیلا۔16نومبر (اے پی پی):چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ چین 2027 میں مصنوعی ذہانت (AI)کے تعاون کے سال کو کامیاب بنانے کے لیے آسیان ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات انہوں نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقدہ 29ویں چین-آسیان سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین آسیان ممالک کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق ’’اے آئی پلس‘‘ تعاون کو فروغ دینے اور خطے کی معیاری اقتصادی ترقی کے لیے ایک مضبوط محرک تیار کرنے کا خواہاں ہے۔ چینی وزیراعظم کہا کہ چین بحیرہ جنوبی چین میں ضابطہ اخلاق کو جلد حتمی شکل دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضابطہ اخلاق پر جلد اتفاق سے بحیرہ جنوبی چین میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ایک مضبوط ادارہ جاتی ضمانت فراہم ہوگی۔ انہوں نے امن و استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے چین اور آسیان ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امن و سکون اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو اختلافات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مناسب انداز میں حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق بیرونی مداخلت کی مشترکہ طور پر مخالفت کریں اور خطے میں امن و استحکام کوبرقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں۔ چینی وزیراعظم چین اور آسیان کو متحد رہنے اور اختلافات سے بالاتر ہو کر تعاون کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک غیر یقینی اور پیچیدہ عالمی صورتحال میں چین اور آسیان ممالک کو متحد رہنا چاہیے، غیر ضروری خلفشار سے بچنا چاہیے اور مشترکہ طور پر تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو مل کر چین اور آسیان کے درمیان مشترکہ مستقبل پر مبنی مزید قریبی برادری کی تعمیر کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔





