برداشت، باہمی احترام اور مکالمہ پُرامن، متحد اور جامع معاشرے کے بنیادی اصول ہیں، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ برداشت، باہمی احترام اور احترامِ انسانیت پُرامن، متحد اور ترقی یافتہ معاشرے کے بنیادی اصول ہیں، معاشرے میں اختلافِ رائے، مذہبی و ثقافتی تنوع اور مختلف نقطہ ہائے نظر کو برداشت کرنے کا رویہ فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ برداشت، باہمی احترام اور احترامِ انسانیت پُرامن، متحد اور ترقی یافتہ معاشرے کے بنیادی اصول ہیں، معاشرے میں اختلافِ رائے، مذہبی و ثقافتی تنوع اور مختلف نقطہ ہائے نظر کو برداشت کرنے کا رویہ فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پیر کوعالمی یومِ برداشت کے موقع پر جاری پیغام میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نفرت، عدم برداشت، تعصب اور انتہا پسندی معاشرتی ہم آہنگی اور امن کے لیے چیلنج ہیں، ان رویوں کا مقابلہ تعلیم، شعور، مکالمے، قانون کی حکمرانی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور سماجی رواداری کے فروغ میں ریاستی اداروں، تعلیمی اداروں، مذہبی قیادت، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے تمام طبقات کا اہم کردار ہے، اختلافات کو تصادم کے بجائے مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنے کی روایت مضبوط بنانا ہوگی۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان آئین کے تحت تمام شہریوں کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔