لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ، ہلڑبازی اور ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے گلبرگ سرکل میں کارروائی کے دوران دو ون ویلرز کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمات درج کرکے انہیں حوالات میں بند کروا دیا گیا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کاکریک ڈائون، 2 ون ویلرز گرفتار،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔16نومبر (اے پی پی):لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ، ہلڑبازی اور ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے گلبرگ سرکل میں کارروائی کے دوران دو ون ویلرز کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمات درج کرکے انہیں حوالات میں بند کروا دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے جاری بیان میں بتایا کہ ون ویلرز رات گئے جھنڈ کی صورت میں سڑکوں پر نکلتے اور پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہو جاتے تھے، جس پر ان کے خلاف موثر کارروائی کے لیے سی بی ڈی میں خصوصی ناکہ بندی اور کومبنگ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دو ون ویلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے لیے سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں تاکہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سوشل میڈیا اور گرفتار ون ویلرز کی مدد سے فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی بھی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور سپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 138 ون ویلرز کے خلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں۔ سڑکوں پر ہلڑبازی، روڈ ریج اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔







