غذائی بحران تنازعات کے علاقوں سے باہر بھی درآمدات پر انحصار کرنے والے ترقی پذیر ممالک کو متاثر کر رہے ہیں، پاکستان کا اقوام متحدہ میں انتباہ

غذائی بحران تنازعات کے علاقوں سے باہر بھی درآمدات پر انحصار کرنے والے ترقی پذیر ممالک کو متاثر کر رہے ہیں، پاکستان کا اقوام متحدہ میں انتباہ

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر رسمی اجلاس میں خبردار کیا ہے کہ غذائی بحران صرف تنازعات سے متاثرہ علاقوں تک محدود نہیں بلکہ خوراک کی درآمدات پر انحصار کرنے والے ترقی پذیر ممالک کو بھی شدید متاثر کر رہے ہیں، عالمی برادری خوراک اور کھاد کی بلاتعطل فراہمی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت اور غذائی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے خوراکی سفارت کاری اور تنازعات کے باعث پیدا ہونے والے غذائی عدم تحفظ پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح تنازعات، بشمول غیر ملکی قبضے، بڑے پیمانے پر بھوک اور غذائی قلت کا سبب بنتے ہیں جبکہ بھوک اور معاشی مشکلات مزید عدم استحکام اور طویل تنازعات کو جنم دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے چیلنج صرف غذائی بحرانوں سے نمٹنا نہیں بلکہ ان کی روک تھام اور بنیادی اسباب کا تدارک بھی ہے۔بدھ کو یونان کی میزبانی میں سلامتی کونسل کے 15 ارکان کا یہ اجلاس اریا فارمولا کے تحت منعقد ہوا، جس میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک، ماہرین، بین الاقوامی اداروں، تعلیمی شعبے، نجی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔سفیر حیدر شاہ نے کہا کہ غذائی عدم تحفظ کا مسئلہ فعال تنازعات کے علاقوں سے کہیں زیادہ وسیع ہے اور اس سے بالخصوص خوراک اور توانائی کی درآمدات پر انحصار کرنے والے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ غزہ، سوڈان، یمن اور جنوبی سوڈان سمیت دیگر تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی مصائب اس صورتحال کی واضح مثال ہیں۔انہوں نے خوراک اور کھاد کی قابل اعتماد فراہمی برقرار رکھنے، تجارتی رکاوٹوں کی روک تھام اور زرعی ضروریات کی منصفانہ دستیابی یقینی بنانے کے لیے عالمی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ غذائی بحران سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے حکومتوں، اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

تنازعات میں شامل تمام فریقوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق انسانی امداد کی تیز رفتار اور بلا رکاوٹ فراہمی کی اجازت دینی چاہیے۔پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلابوں کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی اثرات سے محفوظ زراعت کو فروغ دینا، چھوٹے کاشتکاروں کے روزگار کا تحفظ اور ان مقاصد کے لیے مناسب مالی وسائل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار میں اضافے کو یقینی بنانا ضروری ہے۔سفیر حیدر شاہ نے واضح کیا کہ پائیدار غذائی تحفظ کا قیام امن کے بغیر ممکن نہیں، خوراکی سفارت کاری تعاون اور مذاکرات کو فروغ دینے میں مددگار ہو سکتی ہے لیکن یہ تنازعات کے حقیقی حل کا متبادل نہیں بن سکتی۔ دیرپا غذائی تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

مزید خبریں