ڈی جی این سی سی آئی اے کی چیئرپرسن این سی ایچ آر سے ملاقات، سائبر جرائم کے تدارک اور ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ پر تبادلہ خیال

ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی نے چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس سے اہم ملاقات کی ہے

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی نے چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس سے اہم ملاقات کی ہے جس میں انسانی حقوق کے تحفظ، سائبر جرائم کی روک تھام، آن لائن ہراسانی کے تدارک اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شہریوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملاقات میں سائبر جرائم، خصوصاً آن لائن ہراسانی اور ڈیجیٹل استحصال سے متاثرہ افراد کو بروقت انصاف کی فراہمی اور ان کی شکایات کے موثر ازالے پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے، باہمی رابطہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ متاثرین کی معاونت کے لیے مشترکہ کوششوں اور موثر حکمت عملی کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ، آن لائن ہراسانی کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

مزید خبریں