وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (اے پی او) کے قیمتی پتھروں کے شعبے سے متعلق وفد نے ملاقات کی
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار سے ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات، قیمتی پتھروں کے شعبے کی استعداد سے استفادے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (اے پی او) کے قیمتی پتھروں کے شعبے سے متعلق وفد نے ملاقات کی ،جس میں جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن، فنی مہارتوں کی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کی جیم سٹونز انڈسٹری کو ترقی دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ وفد میں ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر، تھائی لینڈ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جیم سٹونز اور سری لنکا کے قیمتی پتھروں کے ایک ماہر شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری اور جوائنٹ سیکرٹری فریدون اکرم شیخ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور قیمتی پتھروں کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ملک ہے، بالخصوص گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے تو یہ روزگار، صنعتی ترقی اور زرمبادلہ کے حصول کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور ہدایات کے تحت حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی وسیع برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد اس شعبے کو محض قدرتی وسائل کے حصول تک محدود رکھنے کے بجائے ایک منظم، ٹیکنالوجی پر مبنی اور عالمی سطح پر مسابقتی صنعت میں تبدیل کرنا ہے۔ویلیو ایڈیشن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کو خام قیمتی پتھروں کی برآمد سے آگے بڑھتے ہوئے ملک کے اندر کٹنگ، فنشنگ، پالشنگ، جیولری ڈیزائننگ اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید پروسیسنگ تکنیک، ہنرمند کاریگروں اور بین الاقوامی معیار کے ذریعے ہی قیمتی پتھروں کی حقیقی معاشی قدر حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ قومی جیم سٹونز پالیسی کا مقصد پاکستان کی قدرتی معدنی دولت کو معاشی قدر میں تبدیل کرنا، مقامی صنعت کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
اس پالیسی کے تحت کان کنی اور پروسیسنگ سے لے کر سرٹیفکیشن، ڈیزائننگ، مارکیٹنگ اور برآمدات تک جیم سٹونز کی مکمل ویلیو چین کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔مشیرِ وزیراعظم نے پیداواری صلاحیت میں اضافے اور قیمتی وسائل کے ضیاع میں کمی کے لیے جدید مشینری، بہتر کان کنی کے طریقوں اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ پروسیسنگ ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی قیمتی پتھروں کی ساکھ اور عالمی منڈیوں میں قبولیت بہتر بنانے کے لیے ان کی درست شناخت، درجہ بندی، سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی معیار کی تسلیم شدہ لیبارٹریز کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ بین الاقوامی مہارتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اپنی جیم سٹونز انڈسٹری کی ترقی کے لیے تھائی لینڈ اور سری لنکا کے تجربات سے نمایاں استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ نے قیمتی پتھروں کی کٹنگ، پالشنگ، پروسیسنگ اور جیولری مینوفیکچرنگ میں قابلِ ذکر مہارت حاصل کی ہے جبکہ سری لنکا کا قیمتی پتھروں کی شناخت، تراش خراش، پالشنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا تجربہ پاکستان کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے اشتراک کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تکنیکی مہارت اور بین الاقوامی نیٹ ورک پاکستان کے جیم سٹونز کے شعبے میں جدید طریقہ ہائے کار متعارف کرانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ تعاون سے مقامی کاریگروں اور کاروباری اداروں کی استعداد کار میں اضافے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔ہارون اختر خان نے ماحول دوست اور پائیدار کان کنی کے طریقوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر منظم کان کنی، فرسودہ ٹیکنالوجی اور ناکافی پروسیسنگ سہولیات سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانا ضروری ہے۔ حکومت اس شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے نجی شعبے کی شمولیت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے۔مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد موثر مارکیٹنگ، معیار کی سرٹیفکیشن اور عالمی منڈیوں میں موثر نمائندگی کے ذریعے پاکستانی قیمتی پتھروں کو برانڈ پاکستان کے وسیع تر وژن کے تحت ایک مستند بین الاقوامی شناخت دلانا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینٹرز آف ایکسیلنس کا قیام اور فنی تربیت کے مواقع میں اضافہ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور مقامی سطح پر تیار کردہ قیمتی پتھروں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وافر قدرتی وسائل اور تھائی لینڈ و سری لنکا جیسے ممالک کی تکنیکی مہارت کا امتزاج سرمایہ کاری، روزگار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات میں اضافے کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان قیمتی پتھروں کے شعبے کو محض خام مال کے حصول اور برآمد تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مکمل ویلیو ایڈڈ صنعت کے طور پر ترقی دینا چاہتا ہے۔وفد نے قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ، پیداواری صلاحیت میں اضافے، فنی مہارتوں اور صنعتی ترقی کے حوالے سے بین الاقوامی بہترین طریقہ ہائے کار اور تعاون کے ممکنہ مواقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان کے قیمتی پتھروں کے وسائل کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے کے لیے ادارہ جاتی اور تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانے میں مشترکہ دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔







