سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ قیادت پنجاب میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے کریک ڈائون جاری ہے
مرغابی،کونجوں،تیتر اور کتوں کے ساتھ جنگلی سور اور گیدڑکے غیر قانونی شکار کے الزام میں 19ملزمان گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔18نومبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ قیادت پنجاب میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے کریک ڈائون جاری ہے،جس کے نتیجے میں گزشتہ روز وائلڈ لائف رینجرز گوجرانوالہ ،گجرات ،لیہ اور راجن پور نے مختلف کارروائیوں کے دوران مرغابی ،کونجوں ،تیتر اور کتوں کے ساتھ جنگلی سور اور گیدڑکے غیر قانونی شکار کے الزام میں 19ملزمان کو گرفتار کرکے 6ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جبکہ 13ملزمان کوساڑھے چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹا دیئے۔
ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر گجرات قاسم رضا نےٹیم کے ہمراہ پبی نیشنل پارک میں کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں مصروف 6شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے انہیں مجموعی طور پر 2لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا،نیز دو دیگر مختلف کارروائیوں میں وائلڈ لائف رینجرز گجرات نے مرغابی اور دیگر جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں 1لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر گوجرانوالہ تبسم ایمان نے ائر گن کے ساتھ جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں مصروف 1شکاری کو گرفتار کرکے 20ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر لیہ حبیبہ مریم نے کتوں کے ساتھ گیدڑکا غیر قانونی شکار کرنے والے 6ملزمان کو گرفتار کرکے 1کو 20ہزار جرمانہ جبکہ 5ملزمان کیخلاف ایف آئی آرز درج کرائیں نیز تیتر کے 2غیر قانونی شکاری گرفتار کرکے انہیں 80ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر راجن پور صائمہ محسن نے کونجوں کے غیر قانونی شکار کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنیوالے 1ملزم کو گرفتار کرکے اس کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی۔







