خواتین کو جدید فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے،وائس چانسلر کے آئی یو

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق کی زیر صدارت برٹش کونسل کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹا) ویمن ہائی ٹیک منصوبے کی ایڈوائزری کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

گلگت۔ 18 نومبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق کی زیر صدارت برٹش کونسل کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹا) ویمن ہائی ٹیک منصوبے کی ایڈوائزری کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یورپی یونین کے تعاون سے جاری اس منصوبے کے تحت 320 خواتین کو جدید تکنیکی اور فنی مہارتوں کی تربیت فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔منصوبے پر عمل درآمد کی پیش رفت، تربیتی سرگرمیوں، مستقبل کے لائحہ عمل اور منصوبے کے مقررہ اہداف کے حصول سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق نے کہا کہ خواتین کو جدید فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواتین کو معیاری تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرکے نہ صرف انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکتا ہے بلکہ معاشرے کی مجموعی ترقی میں بھی ان کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے خطے میں خواتین کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنا خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس طرح کے منصوبے خواتین کے لیے روزگار کے نئے امکانات پیدا کرنے کے ساتھ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔وائس چانسلر نے برٹش کونسل اور یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی خواتین کی تعلیم، ہنر مندی اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور شراکت دار اداروں پر زور دیا کہ منصوبے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد، تربیت کے معیار اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس منصوبے کے ثمرات زیادہ سے زیادہ خواتین تک پہنچ سکیں۔

اجلاس کے شرکاء نے منصوبے کی کامیاب تکمیل، ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور خواتین کے لیے جدید فنی و تکنیکی تربیت کے مزید مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔