یونیورسٹی سلطان زین العابدین ملائیشیا میں پاک ملائیشیا تاریخی و ثقافتی نمائش کا شاندار انعقاد

پاکستان اور ملائیشیا کے مابین ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی تاریخی ورثے سے آگاہی بڑھانے کے لیے یونیورسٹی سلطان زین العابدین

تیرنگانو۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ملائیشیا کے مابین ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی تاریخی ورثے سے آگاہی بڑھانے کے لیے یونیورسٹی سلطان زین العابدین، تیرنگانو، ملائیشیا میں فاروق ریاض میوزیم، گجرات پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک شاندار تاریخی و ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کا باقاعدہ افتتاح مہمانِ خصوصی کارنیلیس انور عبداللہ میکافی، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سینٹر، یونیورسٹی سلطان زین العابدین نے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد توفیق ہدایت عبداللہ، مس عالیہ نبیلہ الیاس (ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرنیشنل سینٹر)، مس ارم شہزادی (صدر انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ سوسائٹی) اور ہمایوں منظور نے نمائش میں خصوصی شرکت کی۔اس نمائش کے لیے پاکستان کی صدیوں پرانی تاریخی اور ثقافتی وراثت پر مشتمل انتہائی نایاب نوادرات اور ثقافتی تحائف فاروق ریاض چوہدری (بانی فاروق ریاض میوزیم، گجرات پاکستان) خود پاکستان سے لے کر ملائیشیا پہنچے تھے۔

ان کے ہمراہ وفد میں تہمینہ علی (ریٹائرڈ ایسوسی ایٹ پروفیسر فائن آرٹس)، شاہ بانو (کیوریٹر، گجرات میوزیم رام پیاری محل گجرات)، کاشف محمود (ایونٹ منیجر)، محمد اسد خان (میڈیا کوآرڈینیٹر) اور سلطان علی (ڈسپلے انچارج) بھی شامل تھے۔نمائش میں رکھی گئی ان قیمتی اشیاء ونوادرات میں ،’’پاکستان کے قدیم کرنسی نوٹ، پرانے سکے اور تاریخی ڈاک ٹکٹ، مغلیہ دور، سکھ دور اور برطانوی دور کے نایاب تالے اور مغلیہ عہد کے سکے، ہاتھ سے لکھا ہوا قدیم قرآنِ پاک اور مختلف ادوار کے نایاب و تاریخی خطوط، گجرات، پاکستان کی تقریباً سو سالہ پرانی ثقافت کے حامل ہاتھ سے بنے ہوئے کپڑوں کے خوبصورت نمونے ‘‘شامل تھے ۔یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے اس نمائش میں بھرپور دلچسپی لی اور پاکستان سے لائے گئے ان نایاب نوادرات اور ثقافتی ورثے کو بے حد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کارنیلیس انور عبداللہ میکافی نے فاروق ریاض چوہدری اور ان کے وفد کی اس کاوش اور نمائش کے شاندار انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی معلوماتی اور ثقافتی نمائشوں کے انعقاد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔