یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے ڈاکٹر حسن مراد سکول آف مینجمنٹ(ایچ ایس ایم ) کے زیرِ اہتمام 9ویں انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس مینجمنٹ 2026 منعقد ہوئی
یو ایم ٹی میں 9ویں انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس مینجمنٹ2026 کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔18نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے ڈاکٹر حسن مراد سکول آف مینجمنٹ(ایچ ایس ایم ) کے زیرِ اہتمام 9ویں انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس مینجمنٹ 2026 منعقد ہوئی۔کانفرنس میں ایران سے معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حسن صدیقی سمرجانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ریکٹر یو ایم ٹی ایئر وائس مارشل (ر) پروفیسر ڈاکٹر آصف رضا، پرووسٹ ڈاکٹر عامر اعظم خان، ڈین ایچ ایس ایم ڈاکٹر تاشفین اظہر، وائس پرووسٹ ریسرچ ڈاکٹر سمعیہ شاہد، ڈاکٹر رخسانہ کلیم سمیت عالمی ماہرینِ تعلیم، محققین، صنعتی ماہرین اور طلبہ شریک ہوئے۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کہا کہ جدید کاروباری تعلیم،تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے بین الاقوامی علمی روابط اور تعلیمی و صنعتی تعاون ناگزیر ہیں۔نوجوان نسل کو جدید کاروباری تقاضوں اور انٹرپرینیورشپ سے ہم آہنگ کرنا ہوگا تاکہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حسن صدیقی سمرجانی نے کہا کہ طلبہ جدید کاروباری رجحانات اور تاریخی علمی ورثے سے استفادہ کرتے ہوئے خود کو مستقبل کے کامیاب کاروباری رہنماوں کے طور پر تیار کریں۔
انہوں نے جدید تعلیم، تحقیق اور تخلیقی سوچ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔پرووسٹ یو ایم ٹی ڈاکٹر عامر اعظم خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور تحقیق کے ذریعے کاروباری دنیا کے چیلنجز کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ایسی بین الاقوامی کانفرنسیں علمی تبادلے اور عالمی تحقیقی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔کانفرنس کے دوران کاروباری انتظام اور جدید رجحانات سے متعلق64 تحقیقی مقالے پیش کیے گئے،جبکہ طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پینل ڈسکشنز کا بھی اہتمام کیا گیا۔اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حسن صدیقی سمرجانی کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔







