ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے ادارے کے دفتری امور، نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا
ڈی جی ایف ڈی اے کا ادارے کے دفتری امور کا جائزہ، درخواست گزاروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے ادارے کے دفتری امور، نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور، پی ایس او شبیر ساجد گجر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نےہدایت کی کہ دفاتر میں نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور خوشگوار ماحول کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل اور مختلف امور کی انجام دہی کے لیے بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر میں آنے والے درخواست گزاروں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے اور ان کی رہنمائی و معاونت کو ترجیح دی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے افسران و عملے کو تاکید کی کہ دفتری امور کی انجام دہی میں مستعدی، شفافیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور درخواست گزاروں کو غیر ضروری انتظار یا مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت سے وابستہ ادارے میں شہریوں کی سہولت، ان کے مسائل کا بروقت حل اور خدمات کی فراہمی میں بہتری بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے دفاتر میں صفائی کے انتظامات، فائلوں اور ریکارڈ کی مناسب ترتیب، دفتری سہولیات کی بہتری اور سروسز ڈیلیوری کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ادارے کے تمام افسران و ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری لگن، دیانتداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں تاکہ ایف ڈی اے کے انتظامی و عوامی خدمت کے نظام کو مزید بہتر اور فعال بنایا جاسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے میں عوامی سہولت، میرٹ، شفافیت، نظم و ضبط اور مؤثر سروسز ڈیلیوری کے فروغ، ادارے کے دفتری ماحول کو شہریوں کیلئے مزید سہل، دوستانہ اور خدمت پر مبنی بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔







