زرعی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو کامیاب انتظامی ماڈل متعارف کرانے پرآؤٹ اسٹینڈنگ اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

چین انٹرنیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور عوامی جمہوریہ چین کی وزارتِ تعلیم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو مقامی سطح پر ادارہ جاتی استحکام اور کامیاب انتظامی ماڈل متعارف کرانے پر ”آؤٹ اسٹینڈنگ اچیومنٹ ایوارڈ“ سے نوازا ہے

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):چین انٹرنیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور عوامی جمہوریہ چین کی وزارتِ تعلیم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو مقامی سطح پر ادارہ جاتی استحکام اور کامیاب انتظامی ماڈل متعارف کرانے پر ”آؤٹ اسٹینڈنگ اچیومنٹ ایوارڈ“ سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز دنیا بھر میں قائم 1,200 سے زائد کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس اور مراکز میں نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ژنجیانگ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر گاؤ پنگ نے وصول کیا۔ یہ اعزاز پاکستان میں چینی زبان کی تعلیم، ثقافتی تبادلے اور علمی و تحقیقی تعاون کے لیے ایک پائیدار اور مقامی سطح پر خودمختار انتظامی ماڈل کی کامیاب تشکیل کا اعتراف ہے۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس کے عالمی زرعی اتحاد کے بانی اراکین میں شامل ہے۔ ادارے نے تحقیقی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی، فنی مہارتوں کی ترقی، وظائف، فیلوشپس، صنعتی روابط اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے مختلف جدید اقدامات متعارف کرائے ہیں، جن سے پاک چین تعاون کو نئی جہت ملی ہے۔ ان سرگرمیوں کے باعث یہ ادارہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے اور اس کے اقدامات نے دونوں ممالک کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

جون 2022ء میں چینی اساتذہ، انتظامی عملے اور رضاکاروں کی چین واپسی کے بعد کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے اپنے انتظامی و عملی امور مکمل طور پر مقامی سطح پر منتقل کر دئیے۔ سرگرمیاں معطل کرنے کے بجائے ادارے نے اپنے پاکستانی تدریسی اور انتظامی عملے کو بااختیار بنایا، جس کے نتیجے میں نہ صرف تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں بلکہ ان میں مزید توسیع بھی ہوئی۔ اس مقامی انتظامی ماڈل کے تحت ادارے نے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں اپنے 16 ذیلی مراکز قائم کیے، جہاں چینی زبان کی تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا گیا۔ 2022ء سے 2026ء کے دوران ادارے نے 656 کلاسز کا انعقاد کیا، جن میں 22,961 طلبہ نے داخلہ لیا جبکہ 11,037 امیدواروں کے لیے چینی زبان کی مہارت جانچنے کے امتحان کے 46 سیشنز منعقد کیے گئے۔ یہ کامیابیاں پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے، چینی زبان و ثقافت کے فروغ، مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک بھر میں تعلیمی سہولیات کی توسیع کے لیے ادارے کے عزم کی عکاس ہیں۔ عالمی سطح پر اتنے بڑے مقابلے میں یہ اعزاز حاصل کرنا اس امر کا ثبوت ہے کہ مقامی سطح پر خودمختار انتظامی نظام اداروں کے استحکام، کمیونٹی سے مضبوط روابط اور طویل المدتی اثرات کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی ثابت ہو سکتا ہے۔

چین انٹرنیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو ایک کامیاب مثال قرار دیتے ہوئے دیگر مراکز کو بھی اس کے طرزِ عمل اور کامیاب تجربات سے استفادہ کرنے کی سفارش کی ہے۔