ویسٹ ٹو انرجی منصوبے وقت کی اہم ضرورت ، شہری فضلے کو ماحولیاتی مسئلے کے بجائے توانائی کے موثر ذریعے میں تبدیل کرنا ہماری ترجیح ہونی چاہیے، ملک فیصل ایوب

صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی صدارت میں سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی نے اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی صدارت میں سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی نے اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں چین کے جدید توانائی منصوبوں، صنعتی ٹیکنالوجی، بجلی کی پیداوار، ویسٹ ٹو انرجی سسٹم اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے حاصل ہونے والے تجربات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی نے بتایا کہ دورہ چین کے دوران مختلف صنعتی اور مینوفیکچرنگ مراکز کا دورہ کیا گیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ دورے کا ایک اہم مقصد قائد اعظم تھرمل پاور پلانٹ لمٹیڈ (QATPL) کے ٹربائن سے متعلقہ آلات کی تیاری اور ترسیل کے شیڈول کی نگرانی بھی تھا۔ سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ دورہ چین کے دوران ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کے چیئرمین مسٹر لی چا سے ملاقات کی گئی اور منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے اعلی سطح پر براہ راست نگرانی اور انتظامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مختلف مینوفیکچرنگ سہولیات، بشمول جدید خودکار پیداواری مرکز HTC اور ٹربائن شافٹ کی فورجنگ کے لیے Sinomach Erzhong کا دورہ بھی کیا گیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ QATPL کے لیے خصوصی پروڈکشن سلاٹ مختص کیا گیا ہے حالانکہ عالمی سطح پر مینوفیکچرنگ کی بکنگ 2031 تک جاری ہے۔ ہائی پریشر (HP) روٹر کی تیاری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے، پیداواری مراحل کو تیز کرنے، متبادل اسمبلی آپشنز تلاش کرنے اور فضائی ترسیل کے ذریعے لاجسٹکس کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں ویسٹ ٹو انرجی کے حوالے سے چین کے کامیاب ماڈلز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ دورے کے دوران شنگھائی میونسپل انجینئرنگ ڈیزائن انسٹیٹیوٹ (SMEDI) کے حکام سے ملاقات کی گئی، جو فیصل آباد کے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے میں بھی شامل ہے۔ اس ادارے کے تجربات سے پنجاب میں جدید ویسٹ مینجمنٹ اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کے لیے تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔اجلاس کو شنگھائی کے قریب واقع لاگانگ ایکولوجیکل اینڈ انوائرنمنٹل پروٹیکشن بیس (Laogang) کے دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہ مربوط ویسٹ مینجمنٹ مرکز روزانہ تقریباً 11 ہزار ٹن شہری فضلے کو پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،جو شنگھائی کے مجموعی شہری فضلے کا تقریباً نصف ہے۔

اس کمپلیکس میں 210 میگاواٹ صلاحیت کے ویسٹ ٹو انرجی پلانٹس، خوراک کے فضلے سے بائیو گیس اور کھاد کی تیاری، طبی فضلے کی تلفی اور تعمیراتی فضلے کی پراسیسنگ کے نظام ایک ہی مربوط مرکز میں قائم ہیں۔صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے چین کی جدید ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی اور ویسٹ مینجمنٹ کے مربوط نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے جدید ٹیکنالوجی اور موثر منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کو بھی جدید ٹیکنالوجی، جدت اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اسی طرز پر آگے بڑھنا ہوگا۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ شہری فضلے کو توانائی میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں سے نہ صرف بجلی پیدا کی جا سکتی ہے بلکہ شہروں میں صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور فضلے کو موثر انداز میں ٹھکانے لگانے کے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔ پنجاب میں ایسے منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لے کر قابلِ عمل اور پائیدار ماڈل متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کے کامیاب ماڈلز کا پنجاب کی ضروریات کے مطابق جائزہ لیا جائے اور متعلقہ چینی اداروں کے ساتھ تکنیکی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کیے جائیں۔ جدید ویسٹ مینجمنٹ اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ شہری فضلے کو معاشی اور توانائی کے وسائل میں تبدیل کیا جا سکے۔ اس موقع پر توانائی کی مختلف کمپنیز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔