کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بلوچستان میں پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا انعقاد کیا گیا، جو 26 سال کے طویل وقفے کے بعد صوبے میں اس نوعیت کی ایک اہم پیشرفت ہے۔ ایکسپو میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے …
بلوچستان میں پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپوکا انعقاد،وزیراعلی میرسرفرازبگٹی کی خصوصی شرکت

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بلوچستان میں پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا انعقاد کیا گیا، جو 26 سال کے طویل وقفے کے بعد صوبے میں اس نوعیت کی ایک اہم پیشرفت ہے۔
ایکسپو میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے مجموعی رقبے کا تقریباً 47 فیصد حصہ ہے اور اس وسیع خطے کی ترقی کے لیے خطیر وسائل، حوصلے، مسلسل جدوجہد اور مشترکہ عزم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو ہر ممکن سہولیات، سازگار ماحول اور مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی تاکہ وہ بلاخوف و خطر بلوچستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہوگا کیونکہ نوجوان صوبے اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست اقدامات کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے گرین بس سروس، پنک بس سروس، جناح پیپلز ٹرین سروس، ہیلتھ کارڈ اور کسانوں کے لیے سولرائزیشن اسکیم سمیت دیگر فلاحی منصوبوں کو عوامی سہولت اور معاشی بہتری کی جانب اہم اقدامات قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر سفری سہولیات، معیاری علاج معالجے، خواتین کے لیے محفوظ سفر اور کسانوں کو جدید زرعی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ایکسپو میں مختلف سرکاری محکموں، کاروباری مراکز، تجارتی اداروں اور نجی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں مقامی مصنوعات، کاروباری سرگرمیوں اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ایکسپو کا مقصد مقامی کاروبار اور صنعت کو فروغ دینا، قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کی جانب راغب کرنا، نئی کاروباری شراکت داریوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ایکسپو کل جمعرات کو بھی جاری رہے گی، جو بلوچستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔







