اسرائیلی فوجی آپریشن کے باعث غزہ کے علاقے دیر البلح سے فلسطینیوں کی نقل مکانی، 18 ہزار سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ کے علاقے دیر البلح میں جنگ بندی کی نام نہاد ’’یلو لائن‘‘ سے آگے اسرائیلی فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد فلسطینی شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے، متاثرہ علاقے میں 18 ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔ شنہوا کےمطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوسی ایچ اے ) نے بتایا کہ …

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ کے علاقے دیر البلح میں جنگ بندی کی نام نہاد ’’یلو لائن‘‘ سے آگے اسرائیلی فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد فلسطینی شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے، متاثرہ علاقے میں 18 ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔

شنہوا کےمطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوسی ایچ اے ) نے بتایا کہ ابتدائی جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ تقریباً 2.5 مربع کلومیٹر پر محیط متاثرہ علاقے میں 18 ہزار سے زائد افراد موجود تھے، جن میں سے تقریباً 4 ہزار افراد عارضی پناہ گاہوں میں مقیم تھے۔اوسی ایچ اے نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں متعدد انسانی امدادی مراکز بھی قائم ہیں جہاں صحت، پانی، خوراک، تحفظ، صفائی، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ بدھ تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہری مغرب اور جنوب مغرب کی جانب نقل مکانی کر رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے ریکارڈ کے مطابق دسمبر 2023ء سے جون 2025ء کے درمیان اسی علاقے میں اسرائیل کی جانب سے نقل مکانی کے چھ احکامات جاری کیے گئے۔ شہریوں کو نقل مکانی کے بعد حالات سازگار ہوتے ہی اپنے گھروں کو واپس آنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ نقل مکانی کرنے والے یا اپنے علاقوں میں رہنے والے تمام شہریوں کا تحفظ اور انہیں ضروری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانا لازم ہے۔اوسی ایچ اے نے زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت امدادی مراکز اور شہری بنیادی ڈھانچے کا تحفظ بھی ضروری ہے۔

ادارے کے مطابق امدادی شراکت داروں نے خبردار کیا ہے کہ فوجی آپریشن کے دوران بارش کے پانی اور سیوریج کے بڑے نکاسی نظام کو نقصان پہنچنے یا ان کے راستے بند ہونے کی صورت میں پانی جمع ہونے اور سیوریج کے ابلنے کا خدشہ ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا کہ اکتوبر 2025ء میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 3,800 سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات کے لیے غزہ سے باہر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کی گئی ہے، جن میں تقریباً ایک تہائی بچے شامل ہیں۔ڈبلیو ایچ او نے رفح کراسنگ کے ذریعے طبی انخلا کے انتظامات بہتر بنانے پر بھی زور دیا، جن میں سایہ دار مقامات، ہاتھ دھونے کی سہولیات اور ایمبولینسوں کی آمدورفت کے لیے پختہ راستوں کی فراہمی شامل ہے۔

 

مزید خبریں