وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے برازیلین سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے پاکستان میں برازیل کے سفیر اولینتھو ویئیرا نے ملاقات کی جس میں زراعت، لائیو سٹاک کی ترقی، زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پاکستان …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے پاکستان میں برازیل کے سفیر اولینتھو ویئیرا نے ملاقات کی جس میں زراعت، لائیو سٹاک کی ترقی، زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کے مجوزہ دورہ برازیل پر بھی گفتگو ہوئی۔ یہ دورہ جنوری 2027 کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے برازیلی سفیر کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد کے دورہ برازیل کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد زرعی شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا اور برازیل کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان زرعی پیداوار میں اضافے، لائیو سٹاک کی ترقی، گوشت کی پیداوار اور جانوروں میں منہ کھر کی بیماری (ایف ایم ڈی ) کی روک تھام کے لئے برازیل کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برازیل کے ساتھ زرعی تعاون پاکستان میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، زرعی پیداوار بڑھانے اور پاکستانی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں زیادہ مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں پاکستان کے زرعی اور لائیو سٹاک کے ماہرین برازیل کا دورہ کریں گے جہاں وہ جدید زرعی طریقوں، تحقیق، مویشیوں کی افزائش اور لائیو سٹاک کے مؤثر انتظام سے متعلق برازیل کے تجربات کا مطالعہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی تجربات اور جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان کے مقامی زرعی حالات اور ضروریات کے مطابق عملی طور پر بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔برازیل کے سفیر نے اپنے ملک کے معروف زرعی تحقیقی ادارے ایمبراپا (Embrapa) کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس ادارے نے سائنسی تحقیق، جدت اور انسانی وسائل کی تربیت کے ذریعے برازیل کے زرعی شعبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔دونوں جانب سے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی ) اور برازیل کے ادارے ایمبراپا کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، مشترکہ تحقیق، جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی، فصلوں کی پیداوار میں اضافے اور ماہرین کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں زرعی تجارت کو فروغ دینے کے لئے سینیٹری اور فائٹوسینیٹری (ایس پی ایس ) اقدامات، پودوں کے تحفظ، جانوروں کے قرنطینہ اور بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

برازیلی سفیر نے کہا کہ زرعی ترقی کے لئے ایسی جدید اور کم لاگت ٹیکنالوجی کا انتخاب ضروری ہے جو پاکستان کے مقامی انفراسٹرکچر، معاشی حالات اور روزگار کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو۔ملاقات میں گنے کی پیداوار، ایتھانول کی تیاری اور حیاتیاتی ایندھن کے استعمال کے شعبوں میں برازیل کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔دونوں ممالک نے زرعی تجارت کو مزید وسعت دینے اور نئی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس سلسلے میں پاکستانی باسمتی چاول کی برازیل کی منڈی تک رسائی کے امکانات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔برازیلی سفیر نے برازیل میں پاکستانی گلابی نمک کی مقبولیت کا بھی ذکر کیا اور مارکیٹ میں جعلی مصنوعات کی موجودگی سے متعلق خدشات کی نشاندہی کی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان برازیل کے ساتھ زرعی تحقیق، تکنیکی تعاون، ماہرین کے تبادلوں، استعداد کار میں اضافے اور زرعی تجارت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات جاری رکھے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے مجوزہ اعلیٰ سطحی دورہ برازیل کے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور زرعی تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کے لئےقریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں