علمائے کرام اور مشائخ عظام کی حرمین شریفین کے تحفظ کو امت مسلمہ کی دینی و ملی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت، مکہ مکرمہ معاہدے کی بھرپور حمایت کا اعلان

مشائخ و علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں ملک بھر کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام نے حرمین شریفین کے تقدس، سلامتی اور تحفظ کو پوری امت مسلمہ کی مشترکہ دینی و ملی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت اور مکہ مکرمہ معاہدے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ مسلمانوں کی ریڈ لائن …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):مشائخ و علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں ملک بھر کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام نے حرمین شریفین کے تقدس، سلامتی اور تحفظ کو پوری امت مسلمہ کی مشترکہ دینی و ملی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت اور مکہ مکرمہ معاہدے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ مسلمانوں کی ریڈ لائن ہیں، ان مقدس مقامات کی حرمت و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،جلد ہی اسلام آباد میں تحفظ حرمین الشریفین کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین مشائخ و علماء کونسل پاکستان حضرت پیر شیخ سلطان فیاض الحسن قادری، سجادہ نشین دربار عالیہ حق باہو جھنگ، صاحبزادہ پیر ڈاکٹر سلطان العارفین صدیقی، سجادہ نشین دربار عالیہ نیاریاں شریف آزاد کشمیر، جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحمان خلیل، صاحبزادہ محمد سعد الرحمن، سجادہ نشین عیدگاہ شریف، پیر سرکار جی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ گلشن آباد شریف، صاحبزادہ پیر محمد جنید امین، مانکی شریف، پیر سید علی رضا بخاری، سجادہ نشین دربار عالیہ بساں شریف آزاد کشمیر اور صاحبزادہ پیر محمد حسنین فاروق شاہ، سجادہ نشین دربار عالیہ چورہ شریف سمیت دیگر علمائے کرام و مشائخ عظام نے بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علمائے کرام و مشائخ عظام نے کہا کہ خانقاہوں اور درگاہوں کا پیغام ہمیشہ محبت، امن، رواداری اور باہمی احترام کا رہا ہے، اس لیے تمام فریقین کو تصادم کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تاہم حرمین شریفین کا تحفظ محض سفارتی نہیں بلکہ ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی جانب میزائل اور راکٹ حملے ناقابل قبول ہیں، پوری امت مسلمہ کو ان مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے متحد ہوکر اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔رہنمائوں نے مکہ مکرمہ معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تعاون اور اتحاد کو خوش آئند قرار دیا اور دیگر اسلامی ممالک کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ بھی تحفظ حرمین شریفین کے لیے موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے مال، جان اور اولاد سمیت ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں لیکن حرمین شریفین کی حرمت پر کوئی آنچ برداشت نہیں کر سکتے۔ مشائخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مدارس، خانقاہوں، درگاہوں اور عوامی سطح پر تحفظ حرمین شریفین کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا اور امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

 

مزید خبریں