ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کی ذمہ دار یوکرینی فٹبال ایسوسی ایشن ہے، میخائیلو موڈرک

ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کی ذمہ دار یوکرینی فٹبال ایسوسی ایشن ہے، میخائیلو موڈرک

لندن۔19نومبر (اے پی پی):انگلش فٹبال کلب ٹوٹنہم ہاٹ پورکے لیے قرض پر کھیلنے والے وِنگر میخائیلو موڈرک نے کہا ہے کہ وہ اپنے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی اور اس کے نتیجے میں فٹبال سے لگنے والی پابندی کا ذمہ دار یوکرین کی قومی ٹیم کی انتظامیہ کو ٹھہراتے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق چیلسی سے ایک سیزن کے قرض پر ٹوٹنہم ہاٹ پورمیں شامل ہونے والے 25 سالہ کھلاڑی پر ممنوعہ دوا میلڈونیم کے استعمال کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نومبر 2024 سے جولائی 2026 تک پابندی عائد رہی تھی۔

میخائیلو موڈرک کا ماننا ہے کہ یہ ممنوعہ مادہ قومی ٹیم کی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران ان کے جسم میں داخل ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر انہیں فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے 4 سالہ پابندی کا سامنا تھا تاہم کھیلوں کی ثالثی عدالت میں ان کی اپیل کامیاب رہی اور انہوں نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے پہلے سے کاٹی گئی سزا کے برابر پابندی پر اتفاق کے بعد فٹبال میں واپسی کی۔ایشیا کے پری سیزن دورے میں چیلسی کی نمائندگی کے بعد میخائیلو موڈرک ٹرانسفر کے آخری روز ٹوٹنہم ہاٹ پورمیں شامل ہوئے تاکہ اپنے سابق شاختار ڈونیٹسک منیجر رابرٹو ڈی زربی کے ساتھ دوبارہ کام کر سکیں۔

میخائیلو موڈرک نے کہا کہ قومی ٹیم کا ماحول اور صورتحال اس کی ذمہ دار ہے کیونکہ انہوں نے پہلے کبھی میلڈونیم جیسی دوا کا نام بھی نہیں سنا تھا جو صرف مشرقی یورپ میں ملتی ہے اور انگلینڈ میں دستیاب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف قومی ٹیم کے ساتھ شامل ہونے کے لیے یوکرین گئے تھے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ واقعہ قومی ٹیم کے کیمپ میں پیش آیا۔

انہوں نے یوکرینی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر آندرے شیوچینکو پر بھی عدم تعاون اور کیس کی معلومات لیک کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے رویے کی وجہ سے ان کی واپسی میں تاخیر ہوئی اور پابندی کے دوران چیلسی کی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث انہیں قانونی چارہ جوئی، کوچنگ اور نجی فزیوتھراپی پر لاکھوں پاؤنڈ خرچ کرنے پڑے۔ میخائیلو موڈرک نے اس وقت کو انتہائی کٹھن اور ذہنی طور پر تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ اس صدمے پر روئے بھی لیکن انہیں ہمیشہ یقین تھا کہ وہ ٹاپ لیول فٹبال میں ضرور واپس آئیں گے۔

مزید خبریں