نیویارک ۔19نومبر (اے پی پی):امریکی تھنک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سےجاری کردہ تفصیلی تخمینوں کے مطابق توقع ہے کہ اسلام 2035 تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مذہبی آبادی کے اعدادوشمار پر گزشتہ 25 برس سے مستند تحقیقی رپورٹس جاری کرنے والے پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ اسلام اور عیسائیت دونوں کے …
اسلام 2035 تک دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا،امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ

مزید خبریں
نیویارک ۔19نومبر (اے پی پی):امریکی تھنک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سےجاری کردہ تفصیلی تخمینوں کے مطابق توقع ہے کہ اسلام 2035 تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مذہبی آبادی کے اعدادوشمار پر گزشتہ 25 برس سے مستند تحقیقی رپورٹس جاری کرنے والے پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ اسلام اور عیسائیت دونوں کے ماننے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم اسلام کی آبادی کہیں زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
ادارے کے مطابق اس کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ مسلمان دیگر بڑے مذہبی گروہوں کے مقابلے میں زیادہ بچے پیدا کرتے ہیں۔ پیو ریسرچ سینٹر کے سینئر ماہرِ آبادیات کونراڈ ہیکیٹ نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اصل وجہ بچوں کی پیدائش ہے۔ان کے مطابق مذہب تبدیل کرنے اور مذہبی شناخت میں تبدیلی کے دیگر عوامل کا کردار شرحِ پیدائش کے مقابلے میں بہت کم ہے۔پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین میں شرحِ بارآوری فی خاتون 3.1 بچوں کی رہی، جبکہ مسیحی خواتین میں یہ شرح 2.5 تھی۔ دیگر تمام مذہبی گروہوں سے تعلق رکھنے والی خواتین میں اوسط شرحِ بارآوری 1.6 رہی، جو آبادی کی ہر نئی نسل کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری سمجھی جانے والی 2.1 کی شرح سے بھی کم ہے۔پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ ترین تخمینوں کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 27 کروڑ جبکہ مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 2 کروڑ تھی۔
ادارے کی نئی پیش گوئیوں کے مطابق 2035 تک مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر 2 ارب 57 کروڑ جبکہ مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ ہو جائے گی۔ اگر حالیہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی جبکہ مسیحیوں کی تعداد 3 ارب سے کچھ کم ہوگی۔یہ تخمینے پیو ریسرچ سینٹر کے ایک وسیع تر تحقیقی منصوبے کا حصہ ہیں، جس میں 2020 سے 2070 کے دوران دنیا کے بڑے مذہبی گروہوں کی آبادی میں ممکنہ تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ان پیش گوئیوں میں مختلف مذہبی گروہوں کی عمری ساخت، شرحِ بارآوری، مذہب تبدیل کرنے کے رجحانات اور نقل مکانی کے حالیہ اعدادوشمار کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
اس تحقیق کے کئی اہم نتائج میں سے ایک یہ ہے کہ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق آئندہ 40 برس میں امریکہ بھی مسیحی اکثریتی ملک نہیں رہے گا۔ ادارے کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت امریکاکے 62 فیصد بالغ افراد عیسائیت کے پیروکار ہیں تاہم 2065 تک یہ تناسب کم ہو کر 50 فیصد سے نیچے آ جائے گا۔پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق امریکہ کے پڑوسی ملک کینیڈا میں بھی 2030 تک مسیحیوں کی آبادی 50 فیصد سے کم ہو جانے کا امکان ہے۔دونوں ممالک میں مسیحی آبادی کے تناسب میں کمی کی ایک اہم وجہ ایسے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہے جو کسی مذہب سے وابستہ نہیں ہیں۔ پیش گوئی کے مطابق 2070 تک ایسے افراد امریکاکی مجموعی آبادی کا 41 فیصد ہوں گے
جبکہ کینیڈا میں ان کی تعداد مسیحیوں سے زیادہ ہو جائے گی۔ مسلمان اور مسیحی آبادی میں عالمی اضافے کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھیں گےپیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2020 سے 2070 کے دوران دنیا کی مجموعی آبادی میں 29 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ جن مذہبی گروہوں کا تحقیق میں جائزہ لیا گیا، ان میں صرف مسلمان اور مسیحی ایسے گروہ ہیں جن کی آبادی میں اضافہ عالمی آبادی کی شرحِ نمو کے برابر یا اس سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ اس عرصے میں مسیحی کی تعداد میں 30 فیصد جبکہ مسلمانوں کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ادارے کے مطابق ہندوؤں اور یہودیوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ تو ہوگا تاہم دنیا کی کل آبادی میں ان کا تناسب کم ہو جائے گا۔ اس کے برعکس بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد اور عالمی آبادی میں ان کا تناسب دونوں کم ہونے کا امکان ہے۔
اس کی ایک وجہ چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی مجموعی آبادی میں متوقع کمی بھی ہے۔پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دنیا کی آبادی میں زیادہ تر اضافہ افریقہ میں ہوگا، بالخصوص صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع خطے میں، جہاں زیادہ تر آبادی عیسائیت یا اسلام سے تعلق رکھتی ہے۔ ادارے کے مطابق اس خطے میں شرحِ بارآوری زیادہ ہونے اور اوسط عمر میں اضافے سے دونوں مذاہب کے پیروکاروں کی عالمی تعداد میں اضافہ ہوگا۔پیو ریسرچ سینٹر کی پیش گوئی ہے کہ 2070 تک دنیا کے نصف سے زیادہ مسیحی صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع افریقی ممالک میں رہ رہے ہوں گے۔ اسی عرصے میں کانگو مسیحی آبادی کے لحاظ سے امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مسیحی آبادی والا ملک بن جائے گا۔ کانگو میں مسیحیوں کی تعداد تین گنا سے زیادہ اضافے کے بعد 29 کروڑ 90 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔







