خیبرپختونخوا حکومت نے 14 شہروں میں الیکٹرک بس سروس متعارف کرانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا

خیبرپختونخوا حکومت نے 14 شہروں میں الیکٹرک بس سروس متعارف کرانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا

پشاور۔ 19 نومبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 14 شہروں میں الیکٹرک بس سروس متعارف کرانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ۔ترجمان محکمہ تر قی و منصوبہ بندی خیبرپختونخوا کے مطابق پہلے مرحلے میں 6 شہروں کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سروس کے ابتدائی رول آئوٹ کے لیے پشاور، ایبٹ آباد، مردان، نوشہرہ، سوات اور کوہاٹ کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منصوبے کی قابل عملیت کا جائزہ لینے کے لیے فزیبلٹی رپورٹس اور ضروری تفصیلات پیش کریں۔مجوزہ اقدام کا مقصد روایتی گاڑیوں کی وجہ سے ہونے والی فضائی آلودگی کو کم کرتے ہوئے جدید، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

دوسرے مرحلے کے تحت الیکٹرک بس سروس کے دائرہ کار کو دوسرے بڑے شہروں تک بڑھانے کی تجویز ہے جس سے منتخب شہروں کی کل تعداد 14 ہو جائے گی۔حکام نے ابتدائی کام شروع کر دیا ہے اور منصوبے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں اس کی تخمینہ لاگت، تکنیکی ضروریات اور نفاذ کی حکمت عملی شامل ہے۔دریں اثنا، بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کو پشاور سے نوشہرہ تک وسعت دینے کے لیے درکار تخمینی اخراجات کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے۔حکام نے پشاور کے اضافی علاقوں تک بی آر ٹی خدمات کو وسعت دینے اور رہائشیوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے نئے روٹس متعارف کرانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

مزید خبریں